ڈپٹی وزیراعلیٰ وجے سنہا کے قافلے پر حملہ

   

لکھیسرائے ، 06 نومبر (یو این آئی) لکھیسرائے اسمبلی حلقے سے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے امیدوار اور نائب وزیراعلیٰ وجے کمار سنہا کے قافلے پر آج بعض سماج دشمن عناصر نے پتھراؤ کیا۔ سنہا نے یہاں صحافیوں سے گفتگو میں بتایا کہ انہیں شکایت ملی تھی کہ کھریار علاقے میں سماج کے کچھ طبقوں کو ووٹ ڈالنے نہیں دیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے غنڈوں نے بی جے پی کے ایجنٹوں کو بھی پولنگ مراکز سے زبردستی واپس بھیج دیا، جس سے علاقے میں کشیدگی پیدا ہوگئی۔ بی جے پی امیدوار وجے سنہا نے کہا کہ جب وہ وہاں پہنچے تو آر جے ڈی کے غنڈوں نے ان کے قافلے پر پتھر، کیچڑ اور گوبر پھینکا۔ ان کا کہنا تھا کہ آر جے ڈی ابھی اقتدار میں واپس نہیں آئی ہے ، مگر اس کے غنڈے انارکی پھیلا رہے ہیں اور انتخابی عمل میں رکاوٹ ڈال رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ صبح سے ہی علاقے میں کشیدگی کی صورت حال بنی ہوئی تھی، انتظامیہ کو اس کی اطلاع بھی دی گئی تھی، لیکن کوئی کارروائی نہیں کی گئی اور غنڈے مسلسل ہنگامہ آرائی کرتے رہے ۔