حیدرآباد ۔ 6 ۔ اگست (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا کی قیادت میں ریاستی وزراء کا ایک وفد مرکزی وزیر جتن رام مانجھی سے ملاقات کرتے ہوئے ضلع کھمم کے اسمبلی حلقہ مدھیرا میں 2 MSME پارکس کے قیام کیلئے مالی تعاون کرنے کی اپیل کی ہے۔ اس موقع پر ریاستی وزراء ڈی سریدھر بابو اور اے لکشمن کے علاوہ کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ملو روی بھی موجود تھے۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے سوشیل میڈیا کے پلیٹ فارم ایکس پر اس ملاقات کے بارے میں ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان چھوٹی صنعتوں کے قیام سے نوجوانوں کو روزگار حاصل ہوگا۔ مرکزی وزیر جتن رام مانجھی نے فنڈس کے اجرائی کے معاملہ میں مثبت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ تلنگانہ کی کانگریس حکومت وعدہ کے مطابق نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کے لئے بڑے پیمانہ پر اقدامات کر رہی ہے۔ حکومت تشکیل دینے کے اندرون ایک سال 60 ہزار سرکاری ملازمتیں فراہم کی گئی ہیں۔ مختلف ملٹی نیشنل کمپنیوں کی جانب سے شہر حیدرآباد کے علاوہ ریاست کے مختلف اضلاع میں سرمایہ کاری کے لئے دلچسپی دکھائی جارہی ہے۔ حکومت ایسی کمپنیوں کے ساتھ مکمل تعاون کر رہی ہے، تاکہ مقامی نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ ملازمتوں کے مواقع فراہم ہوسکے۔2