25 مارچ کو ایل بی اسٹیڈیم میں چیف منسٹر کی دعوت افطار ، نقائص سے پاک انتظامات کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت
حیدرآباد ۔ 22 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز) : ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا نے ریاست گیر سطح پر دعوت افطار اور عید الفطر کی تیاریوں کا اسمبلی کے کمیٹی ہال میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا اور نقائص سے پاک انتظامات کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی ۔ اس اجلاس میں حیدرآباد کے انچارج وزیر پونم پربھاکر ، حکومت کے مشیر محمد علی شبیر ، کانگریس کے رکن قانون ساز کونسل عامر علی خاں ، صدر نشین ریاستی وقف بورڈ سید عظمت اللہ حسینی ، صدر نشین ریاستی حج کمیٹی مولانا سید شاہ خسرو پاشاہ ، صدر نشین اقلیتی مالیاتی کارپوریشن عبداللہ کوتوال ، صدر ٹمریز فہیم قریشی ، صدر نشین لائبریریز ڈاکٹر محمد ریاض کے علاوہ مختلف محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیدار موجود تھے ۔ اجلاس میں چیف منسٹر کی جانب سے 25 مارچ کو ایل بی اسٹیڈیم میں منعقد کئے جانے والے دعوت افطار پر زیادہ توجہ دی گئی اور ماہ رمضان کے لیے بڑے پیمانے پر انتظامات کرنے کو قطعیت دی گئی ۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے محکمہ اقلیتی بہبود کے بشمول دیگر محکموں کو ہدایت دی کہ وہ ایک دوسرے سے تال میل کرتے ہوئے بہترین انتظامات کریں ۔ انہوں نے کہا کہ رمضان سے متعلق انتظامات کے لیے فنڈز کی کوئی کمی نہیں ہے ۔ عہدیدار مہمان نوازی ، صفائی اور پروٹوکال کے معاملے میں اعلیٰ معیار کو یقینی بنائے ، امن و امان کو برقرار رکھنے ، بلاوقفہ برقی کی سربراہی کو یقینی بنائے ، پینے کے پانی کا انتظام کرے ۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ اگر کوئی مسئلہ ہو تو بلا جھجھک سٹی انچارج وزیر کے علم میں لائے ۔ ڈپٹی چیف منسٹر اور ریاستی وزیر پونم پربھاکر کو اسمبلی کی کارروائی کے لیے درمیان میں جانا پڑا ۔ محمد علی شبیر نے اجلاس کی کارروائی کو جاری رکھا ۔ ہائی پاور کمیٹی نے وائس چیرمین کی حیثیت سے محمد علی شبیر کو روزانہ انتظامات کا جائزہ لینے کی ذمہ داری سونپی گئی ۔ محمد علی شبیر نے ماہ رمضان کے آخری دہے میں پینے کے پانی کی فراہمی ، بلا وقفہ برقی کی سربراہی ، لا اینڈ آرڈر کی برقراری کے لیے عہدیداروں کو خصوصی ہدایت دی ۔ ریاست بھر کی بڑی مساجد اور عیدگاہوں میں نماز عید کے لیے خصوصی انتظامات کرنے کی ہدایت دی ۔ محمد علی شبیر نے 815 مساجد میں افطار کے انتظامات کرنے کے لیے 8.15 کروڑ روپئے اور ائمہ موذنین کی تین ماہ کے اعزازیہ کے لیے 23 کروڑ روپئے جاری کرنے پر ڈپٹی چیف منسٹر سے اظہار تشکر کیا ۔۔ 2