ڈپٹی کلکٹر رنگاریڈی ڈی سرینواس ریڈی معطل

   

حیدرآباد۔ 26 فروری (سیاست نیوز) حکومت نے ڈپٹی کلکٹر و تحصیلدار ضلع رنگاریڈی ڈی سرینواس ریڈی کو بعض بے قاعدگیوں کے سلسلہ میں معطل کردیا ہے۔ چیف سکریٹری سومیش کمار نے اس سلسلہ میں جی او آر 86 جاری کیا۔ جی او میں کہا گیا ہے کہ حکومت کے علم میں یہ بات آئی کہ ڈی سرینواس ریڈی ڈپٹی کلکٹر نے سیرلنگم پلی میں تحصیلدار اور ڈپٹی کلکٹر کی حیثیت سے سروے نمبر 127 گوپن پلی ولیج کی اراضی کے میوٹیشن کارروائی کی اجرائی میں بعض بے قاعدگیاں کی ہیں۔ اس کے علاوہ آر او آر ایکٹ اور قواعد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے احکامات جاری کئے۔ حکومت نے دستیاب دستاویزات و شواہد کی بنیاد پر ڈی سرینواس ریڈی کو معطل کرنے کا فیصلہ کیا۔ انہیں مزید احکامات تک فوری اثر کے ساتھ معطل کیا گیا ہے۔ معطلی کے دوران سرینوس ریڈی حیدرآباد میں موجود رہیں گے اور وہ چیف سکریٹری کی اجازت کے بغیر ہیڈکوارٹرس سے باہر نہیں جاسکتے۔