حیدرآباد۔/13فروری، ( سیاست نیوز) دیبر پورہ پولیس نے ڈکیتی کی واردات کو حل کرتے ہوئے 5 افراد کو گرفتارکرلیا۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس ملک پیٹ ڈیویژن جی شام سندر نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ 22 سالہ محمد عبداللہ ساکن باغ جہاں آرا ، 29 سالہ محمد ایوب ساکن سنتوش نگر روڈی شیٹر23 سالہ سہیل خاں ساکن رین بازار، 25 سالہ عمیر ساکن تالاب کٹہ اور ایک کم عمر لڑکے کو گرفتار کرلیا جبکہ فرید ساکن بارکس اور وشال ساکن یاقوت پورہ مفرور بتائے گئے ہیں۔ پولیس کے مطابق 9 فروری کو ایک 26 سالہ اولا بائیک رائیڈر ساکن سنتوش نگر متوطن دائرہ میدک جو اعظم پورہ سے براہ دبیر پورہ عیدی بازار کی جانب جارہا تھا اس کا راستہ روکا اور اس نوجوان کو مار پیٹ کرتے ہوئے رقم چھین لی۔ محمد وہاج الدین نامی اس 26 سالہ نوجوان کے ساتھ مار پیٹ کرتے ہوئے اس نوجوان کو جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی اور اس کے قبضہ سے 5 ہزار روپئے چھین لئے گئے اور تلاشی لیتے ہوئے اے ٹی ایم کارڈ چھین کر اس کا پن نمبر حاصل کیا گیا اور تین ہزار روپئے نکالے گئے اس کے بعد مزید رقم کیلئے اس پر ظلم کیا گیا۔ پولیس نے شکایت کے بعد کارروائی کرتے ہوئے انہیں گرفتار کرلیا۔ محمد عبداللہ کی مشتبہ شیٹ ہے جو 7 مقدمات میں ملوث ہے۔ محمد ایوب روڈی شیٹر جو 9 مقدمات میں ملوث پایا جاتا ہے۔ سہیل خاں دو مقدمات اور عمیر چار مقدمات میں ملوث پایا جاتا ہے۔ پولیس مفرور ملزمین کو تلاش کررہی ہے۔ع