ڈگری میں داخلوں کے لیے کونسلنگ میں ایک دن توسیع

   

حیدرآباد ۔ 23 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : ریاست تلنگانہ کے ڈگری کالجوں میں داخلوں سے متعلق منعقد کی جارہی ’دوست ‘ کونسلنگ کی مدت میں صرف ایک دن کی توسیع کی گئی ہے ۔ کنوینر دوست کمیٹی پروفیسر لمبادری نے یہ بات بتائی اور کہا کہ دوست ویب سائیٹ کے ذریعہ داخلوں کے لیے آن لائن رجسٹریشن کے لیے منگل ہی آخری تاریخ رکھی گئی لیکن ویب آپشن دینے کے لیے چہارشنبہ تک ایک دن زائد مہلت دی گئی ۔ انہوں نے بتایا کہ دوست ویب سائٹ کے ذریعہ جاریہ ماہ 26 جولائی کو ہی داخلہ حاصل کرنے کے لیے درخواستیں پیش کئے ہوئے طلباء وطالبات کو نشستیں مختص ( الاٹ ) کئے جائیں گے ۔ علاوہ ازیں ایسے امیدوار جو قبل از وقت ہی داخلوں کے لیے درخواستیں پیش کر کے داخلے حاصل کرچکے ہیں اور اب وہ اپنے کورسیس میں تبدیلی کے خواہش مند ہوں تو انہیںجاریہ ماہ 30 جولائی کو اپنے کورسیس تبدیل کرلینے کے لیے خصوصی طور پر موقعہ فراہم کیا گیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ دوست آن لائن طریقہ کار کے ذریعہ ڈگری کالجوں میں داخلوں کے عمل کو ماہ جولائی کے اختتام تک مکمل کرلینے اور پھر باقاعدہ طور پر کلاسیس کا بھی آغاز عمل میں آجائے گا ۔۔