کیرانہ: ملک میں اپنی شادی کے حوالہ سے شہرت پانے والے 29 سالہ عظیم منصوری کی خواہش بالآخر پوری ہو گئی ۔ عظیم منصوری بدھ کے روز ہاپوڑ بارات لے کر گئے اور اپنی دلہن کیرانہ لے کر آ گئے۔ انہوں نے دعوت ولیمہ کا بھی اہتمام کیا ۔ خیال رہے کہ عظیم منصوری کا نکاح 7 نومبر کو ہونا قرار پایا تھا، لیکن ممکنہ ہجوم سے بچنے کے لیے دونوں خاندانوں کی رضامندی سے قبل از وقت نکاح کرا دیا گیا۔ رات دیرگئے عظیم دلہن کے ساتھ کیرانہ پہنچے اور ان کی خوشی کا کوئی ٹھکانہ نہیں تھا۔عظیم نے بتایا کہ وہ اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں اور میڈیا والوں کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں، جن کی وجہ سے ان کی بات دور تک پہنچی اور انہیں شریک حیات مل گئی۔ عظیم کی شادی کی کہانی بھی دلچسپ ہے۔ وہ اپنی شادی کروانے کے لیے درخواست لے کر کیرانہ تھانے پہنچ گئے تھے۔ جب یہ بات سوشل میڈیا پر مشہور ہوئی تو ہاپوڑ کے رہائشی حاجی ایوب نے پڑوسی کی لڑکی بشریٰ کے لیے ان کے والد جلال الدین کو تجویز دی اور اس کے بعد بات نکاح تک پہنچ گئی۔29 عظیم کا قد ڈھائی فٹ ہے جو ان کی شادی میں بڑی رکاوٹ تھی۔ اس کے علاوہ انہوں نے اس وقت کے وزیر اعلی اکھلیش یادو سے بھی شادی کی درخواست کی تھی۔ جس کے بعد عظیم منصوری سوشل میڈیا پر موضوع بحث بن گئے۔ اس وقت یہ معاملہ ٹی وی چینلز پر بھی زور و شور سے اٹھایا گیا۔ طویل انتظار کے بعد وہ دن آ پہنچا جب عظیم کی شادی ہاپوڑ کی مجید پورہ کالونی کی رہنے والی بشریٰ بیگم سے طے ہوئی۔ بشریٰ کا قد 3 فٹ ہے۔ بارات میں صرف 20 افراد نے شرکت کی، جن میں عظیم کے اہل خانہ اور کچھ رشتہ دار شامل تھے۔عظیم منصوری کا کہنا ہے کہ اللہ نے ان کی خواہش پوری کردی ۔