سری نگر: گورنمنٹ میڈیکل کالج سری نگر کی ایک تازہ تحقیق کے مطابق زیادہ وقت تک ڈیجیٹل اسکرین استعمال کرنے سے بچوں کی جسمانی و ذہنی صحت پر انتہائی مضر اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔تحقیق میں کہا گیا کہ پڑھنے اور سیکھنے کے عمل میں انٹرنیٹ اور ڈیجیٹل آلات کے استعمال کے متعلق اچھی طرح سے غور کرنے کی ضرورت ہے ۔یہ تحقیق گورنمنٹ میڈیکل کالج سری نگر کے شعبہ کمیونٹی میڈیسن نے سر انجام دیا ہے اور اس کو کالج کے چار فیکلٹی ممبران ایس محمد سلیم خان، صابرہ عالیہ، رقیعہ کوثر اور انعام الحق نے مشترکہ طور پر تحریر کیا ہے ۔اس سروے میں 307 والدین نے شرکت کی جن سے مختلف نوعیت کے سوالات کئے گئے ۔تحقیق میں کہا گیا:گرچہ ڈیجیٹل میڈیم کے کئی طرح کے فوائد ہیں اور خاص طور پر غیر یقینی حالات میں بھی اس سے معیاری تعلیم تک رسائی حاصل ہوجاتی ہے ، تاہم زیادہ وقت تک اسکرین کے استعمال سے بچوں کے صحت پر کئی طرح کے منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔