ڈیجیٹل خودمختاری کیساتھ کوئی سمجھوتہ نہیں : روی شنکر پرساد

   

ٹوئیٹر ہندوستان میں حفاظتی شیلڈ سے محروم‘سوشل میڈیا سائٹیں کیلئے قانون کی پابندی ضروری

نئی دہلی : مرکزی وزیر قانون روی شنکر پرساد نے کہا کہ حکومت ڈیجیٹل خودمختاری کے ساتھ سمجھوتہ نہیں کرے گی ۔ ٹوئٹیر سے متعلق وزیر الیکٹرانکس اینڈ انفارمیشن ٹکنالوجی نے کہا کہ ٹویٹر کو نئے آئی ٹی قواعد 2021 کی تعمیل کے لئے تین ماہ کا وقت دیا گیا تھا، اس کے باوجود سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایسا کرنے میں ناکام رہا ہے۔ ٹویٹر نے ہندوستان میں مطلوبہ “سیف ہاربر”استثنیٰ کھو دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں کاروبار کرنے کے لئے سوشل میڈیا سائٹیں کا استقبال ہے، لیکن انہیں ہندوستان کے آئین کی پیروی کرنا ہوگا۔ ہم ڈیجیٹل خودمختاری کے ساتھ سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ ٹویٹر کے صارفین کو کچھ ادا کرنے کی ضرورت نہیں ہے، ٹوئٹر کو اصولوں پر عمل کرنا ہوگا۔اس سے قبل ہی پرساد نے اسی مائکروبلاگنگ سائٹ پر یہ بات بیان کی تھی کہ یہ حیرت زدہ ہے کہ ٹویٹر جو خود کو آزادی اظہارخیال کا علمبردار ظاہر کرتا ہے ، جب انٹرمیڈیری گائیڈ لائنز کی بات آتی ہے تو وہ دانستہ طور پر انحراف کا راستہ چنتا ہے”۔اس کے ساتھ ہی ٹویٹر وہ واحد امریکی پلیٹ فارم بن گیا جس نے حفاظتی شیلڈ گنوا دیا – جسے آئی ٹی ایکٹ کے سیکشن 79 کے تحت عطا کیا گیا ، حالانکہ دوسرے ، یوٹیوب ، فیس بک ، واٹس ایپ محفوظ ہیں۔