ڈیجیٹل پیمنٹ جلد ہی نقد ادائیگی سے زیادہ ہوگا: مودی

,

   

سنگاپور کے ڈیجیٹل پے منٹ پلیٹ فارم سے انڈین سسٹم مربوط، یو پی آئی ۔ پے ناؤ لنک نیا معاشی ربط

نئی دہلی : ہندوستان اور سنگاپور کے ڈیجیٹل پیمنٹ پلیٹ فارم آج آپس میں جڑ گئے ہیں اور اب سنگاپور اور ہندوستان دونوں ممالک کے ڈیجیٹل پیمنٹ پلیٹ فارم۔یونیفائیڈ پیمنٹس انٹرفیس (یوپی آئی) اور پے ناؤ کے ذریعہ رقم کا لین دین کر سکتے ہیں۔وزیر اعظم نریندر مودی اور سنگاپور کے وزیر اعظم لی سین لونگ کی ویڈیو لنک کے ذریعہ موجودگی کے درمیان ریزرو بینک آف انڈیا کے گورنر شکتی کانت داس اور سنگاپور مانیٹری اتھارٹی کے منیجنگ ڈائریکٹر روی مینن نے اپنے اپنے موبائیل فون سے ایک دوسرے کو رقم منتقل کرکے اس سروس کا آغاز کیا۔ سنگاپور پہلا ملک ہے جس کے ساتھ ہندوستان نے ڈیجیٹل پیمنٹ پلیٹ فارم کو مربوط کیا ہے ۔ اس سے سنگاپورمیں رہنے والے غیر مقیم ہندوستانی برادری کا بہت فائدہ ہوگا اور ہندوستان میں ان کی سرمایہ کاری وغیرہ میں بھی اضافہ ہوگا۔اس موقع پرمودی نے کہا کہ جلد ہی ملک میں ڈیجیٹل لین دین کا حجم نقدی سے بڑھ جائے گا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ہندوستان اور سنگاپور کی دوستی بہت قدیم ہے اور ہمیشہ وقت کی کسوٹی پر کھری اتری ہے ۔ ہمارے لوگوں کے باہمی رشتے اس کی بنیاد رہے ہیں۔ یوپی آئی-پے ناؤ لنک کا آغاز دونوں ممالک کے شہریوں کے لیے ایک ایسا تحفہ ہے جس کا وہ بڑی بے صبری سے انتظار کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں ٹیکنالوجی ہمیں کئی طریقوں سے ایک دوسرے سے جوڑتی ہے ۔ فن ٹیک بھی ایک ایسا شعبہ ہے جو لوگوں کو ایک دوسرے سے جوڑتا ہے ۔ عام طور پر، اس کا دائرہ کسی ملک کی سرحدوں تک محدود ہوتا ہے ۔ لیکن، آج کا آغاز سرحد پار فن ٹیک کنیکٹیویٹی میں ایک نئے باب کے آغاز کی نشاندہی کرتا ہے ۔وزیر اعظم نے کہا کہ آج کے بعد سنگاپور اور ہندوستان کے لوگ اپنے موبائل فون سے اسی طرح رقم منتقل کر سکیں گے جس طرح وہ اپنے اپنے ممالک میں کرتے ہیں۔ اس سے دونوں ممالک کے لوگوں کو اپنے موبائل سے کم خرچ میں فوری طور پر رقوم کی منتقلی میں مدد ملے گی۔ اس سہولت سے دونوں ممالک کے درمیان رقم کے تبادلے کا سستا اور فوری آپشن ممکن ہو سکے گا۔ اس سے ہمارے بیرون ملک مقیم بھائیوں اور بہنوں، پیشہ ور افراد، طلباء اور ان کے اہل خانہ کو بہت فائدہ ہوگا۔مودی نے کہا کہ گزشتہ برسوں میں، ہندوستان نے اختراع اور جدید کاری کے لئے سازگار ماحول پیدا کرنے کو اولین ترجیح دی ہے ۔