ڈیزل کا سرقہ کرنے والی ٹولی گرفتار، نقد رقم ،ٹینکر اور دیگر اشیاء ضبط

   

حیدرآباد ۔ /17 جنوری (سیاست نیوز) رچہ کونڈہ کی سنٹرل کرائم اسٹیشن پولیس نے تیل کی پائپ لائین سے لاکھوں لیٹر ڈیزل کا سرقہ کرنے والی بین ریاستی سارقین کی چار رکنی ٹولی کو گرفتار کرلیا ۔ کمشنر پولیس رچہ کونڈہ مسٹر مہیش مرلی دھر بھاگوت نے کہا کہ 42 سالہ حفیظ عزیز چودھری متوطن ضلع تھانے مہاراشٹرا اپنے دیگر ساتھیوں ضیاء الچاند شیخ ، بنی سرینواسلو ، محمد عبدلابرار ، سنیل انیل مادیوار ، واسو ، ایم جئے کرشنا ، بی سریکانت ، نریش ریڈی ، رنگی لال رمبالی یادو کی مدد سے انڈین آئیل کارپوریشن اور بھارت پٹرولیم لمیٹیڈ کے تیل پائیپ لائین سے ایک لاکھ 30 ہزار لیٹر ڈیزل کا سرقہ کیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کو اطلاع ملنے پر حفیظ عزیز چودھری کے ملوث ہونے کا پتہ لگایا اور اسے مہاراشٹرا سے حراست میں لیکر شہر منتقل کیا ۔ تفتیش کے دوران اس نے بتایا کہ سرکاری تیل پائپ لائین سے بڑی شاطرانہ انداز میں لاکھوں لیٹر تیل کا سرقہ کیا تھا ۔ پولیس کیسرا اور سنٹرل کرائم اسٹیشن نے ان کے قبضے سے 90 لاکھ نقد رقم ، آئیل ٹینکر اور دیگر اشیاء برآمد کرلیا ۔