ڈیفنس اینڈ ایرواسپیس میں انٹرپرینئرس کیلئے ورکشاپ

   

امریکی قونصل جنرل جوئل ریفمین کا خطاب، سرکردہ شخصیتوں کی شرکت
حیدرآباد ۔ 11 ڈسمبر (سیاست نیوز) الائینس فار کمرشلائزیشن اینڈ انویشن ریسرچ (اے سی آئی آر) کے زیراہتمام امریکی قونصلیٹ حیدرآباد کے تعاون سے شہر میں ایک سہ روزہ 2021ء ڈیفنس اینڈ ایرو اسپیس ورکشاپ جی ایم آر ایرو ٹاورس پر منعقد ہوا جس میں انٹرپرینرس کے ایک گروپ سے امریکی قونصل جنرل متعینہ حیدرآباد جوئل ریفمین نے مخاطب کیا۔ یہ ایونٹ ڈیفنس اور ایرو اسپیس انڈسٹری میں سلیکٹ اسٹارٹ اپس کیلئے منعقد کیا گیا۔ اس ورکشاپ میں پرنسپل سکریٹری آئی ٹی، انڈسٹریز اینڈ کامرس جیش رنجن، لا کہیڈ مارٹن کے ولیم بلیر، جی ایم آر کے ایس جی کے کشور اور اے سی آئی آر کے ایرک ازولے اور دوسروں نے حصہ لیا۔ امریکی قونصل جنرل متعینہ حیدرآباد نے کہا کہ اس ورکشاپ میں ہند۔ امریکہ تعلقات کے استحکام کو نمایاں کیا گیا اور اس میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں مضبوطی پوری طرح ظاہر ہوتی ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ ’’یہ انٹرپرینئرس نہ صرف امریکہ اور ہندوستان کے درمیان دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اپنا رول ادا کررہے ہیں بلکہ وہ بزنس مہارتوں کو بھی فروغ دے رہے ہیں جس سے دونوں ممالک میں معاشی ترقی میں تیزی آئے گی‘‘۔ یہاں اس ورکشاپ میں شریک اسٹارٹ اپس کی تقریباً نصف تعداد خواتین کے زیرقیادت کام کرنے والے اسٹارٹ اپس کی ہے اور یہ تلنگانہ، آندھراپردیش یا اوڈیشہ کی ہیں۔ تلنگانہ، اے پی اور اوڈیشہ کے اختراع پر توجہ دینے والے انٹرپرینئرس کی مدد کیلئے یہ ڈیفنس اینڈ ایرو اسپیس ورکشاپ منعقد کیا گیا تاکہ انہیں ان کے بزنس کو ایک پائیدار انٹرپرائز بنانے اور ڈیفنس اور ایرواسپیس انڈسٹری میں مشہور امریکی اور ہندوستانی کارپوریشنس سے مربوط کرنے کے مواقع فراہم کئے جائیں۔
اس پروگرام سے ان افراد کی انتظامی صلاحیتوں اور بزنس مہارت میں اضافہ ہوگا۔ یہ سہ روزہ ورکشاپ 25 انٹرپرینئرس کیلئے حیدرآباد میں منعقد کیا گیا۔