ڈینگو اور وائرل بخار کی روک تھام کیلئے شعور بیداری مہم

   

نظام آباد :13؍ ستمبر( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) محمد سعداللہ ( سی او ) اربن پرائمری ہیلت سنٹر مالاپلی کی اطلاع کے بموجب ریاست تلنگانہ اور ضلع میں دن بہ دن ڈینگو ، وائرل فیور اور ملیریا کے مریضوں کی تعدا د میں اضافہ ہوتا جارہا ہے اس ضمن میں ضلع کلکٹر مسٹر رام موہن رائو اور ڈسٹرکٹ میڈیکل ہیلت آفیسر ڈاکٹر سدرشن نے ملازمین کو احکام جاری کرتے ہوئے بتایا کہ ضلع میں بڑھتے ہوئے ڈینگو ،وائر ل فیور اور ملیریا کی روک تھام کیلئے جنگی خطوط پر کام کریں اور اس سلسلہ میں عوام میں شعور بیداری مہم کا آغازکریں ۔ اسی سلسلہ میں اربن پرائمری ہیلت سنٹر مالاپلی کے حدود میں واقع امان نگر اور مجاہد نگر میں آج اس مہم کا آغاز کیا گیا اور لوگوں کے گھروں پر متعلقہ ہیلت اسٹاف اور آشا ورکرنے گھروں پر جاکر لوگوں کو آگاہ کیا کہ ڈینگو مچھر پر قابو پانے کیلئے چند چیزوں کا احتیاط کرنا ضروری ہے ۔ جس میں اپنے گھروں میں کسی بھی ناکارہ چیزوں میں پانی جمع ہونے مت دیں ، گھر کی چھتوں پر خالی ٹائر ، ڈبہ ، کولر ، ناریل کے خالی فول ، خالی گھڑے میں بھی پانی جمع ہونے نہ دیں کیونکہ ڈینگو کا مچھر صاف اور خالی ٹھہرا ہوئے پانی میں بڑھتا ہے ۔ اپنے گھر کے اطراف و اکناف میں بارش اور نالیوں اور گڑھوں میں اگر پانی ٹھہرا ہوا ہے تو اس میں ناکارہ آئیل یا پھر گیاس تیل کا چھڑکائوں کریں ۔