متاثرہ لڑکی کی عمر اور داخلہ کا دستاویزی ثبوت پیش کرنے کی ہدایت
حیدرآباد ۔ 28 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : بنجارہ ہلز ڈی اے وی اسکول کو آج پولیس نے ایک نوٹس جاری کی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ متاثرہ لڑکی کی عمر اور داخلہ کے تعلق سے دستاویزی ثبوت کو پیش کرنے کی ہدایت دی ۔ امکان ہے کہ اسکول آئندہ ہفتہ کھول دیا جائے گا جس کو ایل کے جی لڑکی کے واقعہ کے بعد بند کردیا گیا تھا ۔ آج اس سلسلہ میں اسکول کے ڈائرکٹر نے اسکول کا معائنہ کیا اور اسکول کی تلاشی لی ۔ اس معاملہ میں گرفتار شخص اسکول میں ڈرائیور ہونے کے باوجود اپنا اثر و رسوخ رکھتا تھا اور اس کی حرکتوں پر کوئی روک لگانے والا نہیں تھا ۔ پرنسپل بھی گرفتار شخص کے دباؤ میں خدمات انجام دے رہا تھا اور اسکول میں اس کی من مانی چلتی تھی ۔ پولیس نے بچی کے داخلہ کے متعلق تمام تر تفصیلات کو پیش کرنے کی اسکول انتظامیہ سے درخواست کی اور قانونی اقدام کرتے ہوئے نوٹس کو جاری کیا ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق گرفتار شخص اپنی مرضی کے مطابق اسکول میں اپنی من مانی چلایا کرتا تھا ۔ اسکول میں کل 30 سی سی ٹی وی کیمروں میں صرف 12 کیمرے کارکرد ثابت ہوئے ۔ اور باقی ناکارہ پائے جاتے ہیں ۔ ڈی اے وی اسکول بنجارہ ہلز شاخ کی مسلمہ حیثیت کو برخاست کرنے کے بعد اسکول کا عملہ اور اساتذہ کی جانب سے سفیل گوڑہ برانچ پر حاضری دی جارہی ہے ۔ امکان ہے عنقریب اسکول کی کشادگی عمل میں لائی جائے گی چونکہ حکومت نے طلبہ کے مستقبل اور بچوں کے والدین کی درخواست پر غور کرنے کا اشارہ دیا ہے ۔۔ ع