ڈی جے کی اجازت نہیں ہے، قواعد کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کی جائے گی: ایس پی

   

نارائن پیٹ۔ 18 ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) گنیش نمرجن کے موقع پر بزرگوں اور بچوں کی صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈی جے پر پابندی لگائی گئی ہے ۔ پولیس نے ضلع میں 120 سے زیادہ ڈی جے مالکان اور آپریٹرز کو پابند کیا ہے کہ کوئی ڈی جے کسی کو کرایہ پر نہ دے ضلع ایس پی ڈاکٹر ونیت آئی پی ایس نے عوام اور گنیش تہوار کے منتظمین کو مشورہ دیا کہ وہ ضلع نارائن پیٹ میں عقیدت اور مذہبی ہم آہنگی کے ساتھ پرامن طریقہ سے گنیش تہوار اور جلوس کا انعقاد کریں۔ایس پی نے واضح کیا کہ لوگوں کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے کسی بھی حالت میں ڈی جے کی اجازت نہیں ہے اور ہر ایک کو پولیس کی ہدایات اور قواعد پر عمل کرنا ہوگا۔ آج بی جے پی لیڈر ناگوراؤ نماجی، ستیہ یادو، نندو نماجی اور بہت سے نوجوان ضلع ایس پی آفس پہنچے۔ اس موقع پر ضلع ایس پی نے ان سے براہ راست بات کی اور گنیش تہوار کے دوران حفاظتی احتیاطی تدابیر، ڈی جے پر پابندی، صحت عامہ اور امن و امان کے مسائل کے بارے میں بتایا۔