دبئی۔14 فروری (سیاست ڈاٹ کام ) لاہور قلندرز نے اس سال پاکستان سوپر لیگ کے لئے ایک اورکپتان تبدیل کردیا ہے، اس کے ساتھ وہ قسمت کی تبدیلی کیلئے پرعزم ہے۔ سیزن فور میں قلندرز کے عزائم بلند ہیں اور تمام ٹیمیں اسے سخت قرار دے رہی ہیں۔ ٹسٹ اسٹار محمد حفیظ کی قیادت میں قلندرز کو امید ہے کہ اس بار ٹیم اے بی ڈی ویلیئرز اور کچھ نئے ناموں کے ساتھ ماضی کی ناکامیوں کا ازالہ کرے گی۔ محمد حفیظ کی زلمی سے قلندرز میں آمد کپتان کی حیثیت سے ہوئی ہے جبکہ فخر زمان سے بھی بے پناہ توقعات وابستہ کی جا رہی ہیں۔ بولنگ میں شاہین شاہ آفریدی کے ساتھ نیپال کے 18سالہ لیگ اسپنر سندیپ لمیچانے حریف بیٹسمینوں کے لئے پریشانی ثابت ہوں گے۔ لاہور قلندرز تینوں پی ایس ایل میں سب سے آخری نمبر پر آنے والی ٹیم ہے۔ اس بار پاکستان سوپر لیگ کا سب سے بڑا نام اے بی ڈی ویلیئرز لاہور قلندر کے اسکواڈ میں شامل ہے۔ ان کے علاوہ نیوزی لینڈ کے کورے اینڈرسن اور کارلوس بریتھ ویٹ کی موجودگی بھی لاہور قلندرز کے خطرناک عزائم کا پتہ دے رہی ہے۔