دھرم شالہ ۔ 14 ۔ ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کے سینئر کھلاڑی ڈیوڈ ملر مانتے ہیں کہ ٹیم کے نئے کپتان ڈی کاک ایک ذہین کھلاڑی ہیں اور ان کی قیادت میں وہ ٹیم کے لئے کوئی بھی کردار نبھانے کیلئے تیار ہیں۔ بائیں ہاتھ کے ملر ، کپتان ڈی کاک اور فاسٹ بولر ربادا کے ساتھ نئی شکل میں نظر آنے والی جنوبی افریقی ٹیم کے دورہ ہندوستان پر اہم کھلاڑی ہیں اور وہ کل یہاں شروع ہونے والی تین مقابلوں کی سیریز کے پہلے میچ میں بہتر مظاہرہ کیلئے پر عزم ہیں۔ ملر نے کہا کہ ڈی کاک کئی برسوں سے ٹیم کا حصہ ہے، اب وہ ٹیم کے نئے قائد ہیں ، لہذا بحیثیت سینئر کھلاڑی میں ان کا ہر مقام پر بہتر تعاون دینے کیلئے تیار ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک کے لئے کھیلنا ایک اہم ذمہ داری ہوتی ہے اور ٹیم کے بیشتر کھلاڑی نوجوان ہونے کے باوجود اس ذمہ داری سے بخوبی واقف ہیں۔