ژی جن پنگ کی تیسری میعاد کیلئے چین کا صدر بننے کی راہ ہموار

   

بیجنگ : کمیونسٹ پارٹی کی کانگریس کے بعد توقع ہے کہ ژی جن پنگ تیسری مدت کے لیے چین کے صدر بنیں گے جس کا اعلان مارچ میں قانون سازی کے اجلاس کے دوران کیا جائے گا۔ چین کی حکمران کمیونسٹ پارٹی نے ہفتہ کے روز ’گریٹ ہال آف دی پیپلز‘ میں اپنی کانگریس کا اختتام پارٹی آئین میں متعدد ترامیم کے ساتھ کیا۔ ان ترامیم سے صدر ژی جن پنگ بطور چینی رہنما مضبوط ہوں گے اور بیجنگ کا خیال ہے کہ یوں دنیا میں ملک کی حیثیت کو بھی تقویت ملے گی۔ ایک ہفتہ تک جاری رہنے والی اس کانگریس میں 2300 مندوبین نے شرکت کی۔ کانگریس نے ملکی قیادت میں ژی جن پنگ کی ’بنیادی پوزیشن‘مستحکم کر کے ان کے لیے غیر معمولی طور پر تیسری میعاد کے لیے ملکی صدر بننے کی راہ ہموار کی۔ صدارت کی تیسری مدت کا باضابطہ اعلان مارچ میں سالانہ قانون سازی کے اجلاس کے دوران کیا جائے گا۔ سن 2018 میں ژی جن پنگ نے صرف دو مرتبہ صدارتی عہدے کی حد کر کے مدت غیر معینہ کر دی تھی۔ مندوبین نے آئین میں تائیوان کی آزادی کی مخالفت کو بھی شامل کرنے کے لیے ووٹ دیا۔ مندوبین نے شی جن پنگ کی ’ورک رپورٹ‘ یعنی کانگریس کے موقع پر ان کے خطاب کی بھی توثیق کی۔ توقع کی جا رہی ہے کہ اتوار کے روز ژی جن پنگ کو پارٹی کے اگلے جنرل سکریٹری کے طور پر نامزد کیا جائے گا، جس کے فورا بعد ہی نئی مرکزی کمیٹی کا پہلا اجلاس شروع ہو جائے گا۔