کئی علاقوں میں نلوں کے پانی میں بدبو ، رنگ بھی تبدیل

   

پانی ناقابل استعمال ، بارش کے سبب کیچڑ اور آلودگی ، مکینوں میں تشویش ، مسئلہ کی فوری یکسوئی ضروری
حیدرآباد ۔ 18 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : حیدرآباد میں موسلادھار بارش کے بعد کئی علاقوں میں بورویل کے پانی کا رنگ تبدیل ہو کر گہرا بھورا رنگ ہوگیا ہے ۔ جس سے مکینوں میں تشویش پائی جارہی ہے ۔ شبہ کیا جارہا ہے کہ پانی میں کیچڑ کے ملنے سے پانی کی رنگت میں تبدیلی آئی ہے ۔ سفیل گوڑہ اور نامپلی جیسے علاقوں میں رہائشیوں نے کہا کہ انہوں نے پانی کو ذخیرہ کرنے سے گریز کیا اور کیچڑ والے پانی کو اوور ہیڈ ٹینکوں میں داخل ہونے سے روکنے کے لیے موٹروں کو بند کردیا ہے ۔ گزشتہ دو دنوں سے بارش ہورہی ہے جب ہم نے نل کو کھولا تو اس میں سے کیچڑ والا پانی آرہا تھا ۔ جس سے ہم اس پانی کو ذخیرہ نہیں کررہے ہیں اور اس پانی کو مجبوراً بہا دینا پڑ رہا ہے ۔ نامپلی کے رہائشیوں نے کہا کہ یہ مسئلہ بارش کے بعد پیدا ہوا ہے اور نل میں آنے والے پانی سے بدبو بھی آرہی ہے لیکن محسوس کیا گیا کہ یہ پانی کیچڑ والا پانی آرہا ہے ۔ رہائشیوں نے بتایا کہ کیچڑ والا پانی آنے کے بعد ہم سب کو اپنے اپنے ٹینک دھونے پڑے اور کوئی بھی شخص اس پانی کو استعمال نہیں کیا ۔ اس سلسلہ میں مقامی افراد نے انتظامیہ کو آگاہ کیا ۔ امیر پیٹ میں بھی یہی حال دیکھا گیا مقامی رہائشیوں نے بتایا کہ گندے پانی کی وجہ سے نہ تو برتن دھوئے جاسکتے ہیں اور نہ ہی کپڑے ۔ اس کے لیے متبادل راستہ تلاش کرنا پڑرہا ہے ۔ گندے پانی کی وجہ سے مکینوں کو خاص کر فلیٹس میں رہنے والوں کو کافی مشکلات پیش آئی ۔ فلیٹس میں رہنے والوں نے پینے کے پانی کے ڈبوں کو نہانے اور دھونے کے لیے استعمال کیا ۔ مقامی افراد نے مطالبہ کیا کہ متعلقہ عہدیداروں کو اس مسئلہ کو فوراً حل کرنا چاہئے ۔۔ ش