کائیٹکس گروپ کمپنی سے تلنگانہ میں 1000 کروڑ کی سرمایہ کاری کرنے کا اعلان

   

Ferty9 Clinic

30 ہزار افراد کو روزگار کا امکان، ریاستی وزیر آئی ٹی و صنعت کے ٹی آر نے خیرمقدم کیا
حیدرآباد۔ /9 جولائی، ( سیاست نیوز) ریاست کے ٹیکسٹائیل شعبہ میںکائیٹکس گروپ نے 1000 گروپ نے 1000 کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ریاستی وزیر آئی ٹی و صنعت کے ٹی آر نے اس کا خیرمقدم کرتے ہوئے حکومت کی جانب سے مکمل تعاون و اشتراک کرنے کا اعلان کیا ہے۔ کیرالہ سے خدمات انجام دینے والی کائیٹکس گروپ کمپنی کے منیجنگ ڈائرکٹر سائی بابو نے اپنے وفد کے ساتھ کے ٹی آر سے ملاقات کی اور ٹیکسٹائیل شعبہ میں ان کی کمپنی کے کیرالہ اور ٹاملناڈو میں سرگرمیوں سے واقف کرایا۔کے ٹی آر نے ریاست کی صنعتی پالیسی، سنگل ونڈو اسکیم، اراضی، برقی، پانی اور دوسری سہولتوں کی فراہمی سے واقف کرایا اور ریاست میں ٹیکسٹائیل شعبہ میں ترقی کے مواقعوں پر تفصیلی رپورٹ پیش کی جس سے متاثر ہوکر کائیٹکس کمپنی کے ایم ڈی نے تلنگانہ میں ٹیکسٹائیل شعبہ میں 1000 کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کمپنی کے قیام سے 30 ہزار افراد کو روزگار حاصل ہونے کا امکان ہے۔ ریاست تلنگانہ کی صنعتی پالیسی کو ساری دنیا میں پسند کیا جارہا ہے۔ ابھی تک بیرونی ممالک سے بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری ہورہی ہے۔ امیزان ویب سرویس نے تلنگانہ میں 20,761 کروڑروپئے کی سرمایہ کاری کرنے کا پہلے ہی اعلان کیا ہے۔ کے ٹی آر نے بتایا کہ یہ تلنگانہ کی تاریخ کی سب سے بڑی سرمایہ کاری ہے۔ الیکٹرانک گاڑیاں تیار کرنے والی مشہور کمپنی ٹرائی ٹان نے تلنگانہ میں تقریباً 2,100 کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری کرنے سے اتفاق کیا ہے۔