کابل: افغان دارالحکومت کابل کے ایئرپورٹ کے اندر اور اس کے اطراف میں اتوار سے اب تک 12 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ یہ بات طالبان اور نیٹو حکام کی طرف سے بتائی گئی ہے۔ طالبان کی طرف سے کابل پر قبضے کے بعد سے لوگوں کی ایک بہت بڑی تعداد ملک چھوڑنے کی کوشش میں کابل ایئرپورٹ اور اس کے باہر جمع ہے۔ طالبان حکام کے مطابق یہ ہلاکتیں گولی لگنے یا بھگدڑ کی وجہ سے ہوئیں۔ طالبان کے ایک اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ وہ نہیں چاہتے کہ ایئرپورٹ پر موجود کسی شخص کو نقصان پہنچے، اسی لیے لوگوں سے کہا گیا ہے کہ اگر ان کے پاس سفری دستاویزات نہیں ہیں تو وہ ایئرپورٹ کے احاطے سے چلے جائیں۔
