واشنگٹن ۔ امریکہ کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ جمعرات کے روز کابل کے ہوائی اڈے پر ہوئے دوہرے بم حملوں کے منصوبہ ساز کو امریکی ڈرون کارروائی کے ذریعہ ہلاک کر دیا گیا ہے۔ امریکی مرکزی کمان کے مطابق امریکی ڈرون طیاروں نے افغان صوبے ننگرہار میں اسلامک اسٹیٹ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب کی گئی اس کارروائی میں کسی عام شہری کی ہلاکت کی اطلاع نہیں ہے۔ واضح رہے کہ جمعرات کے روز کابل کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے قریب ہوئے دوہرے خودکش بم دھماکوں کے نتیجے مین 13 امریکی فوجیوں سمیت 92 افراد ہلاک ہو گئے تھے، جس کے بعد امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا تھا کہ اس حملے میں ملوث افراد کو معاف نہیں کیا جائے گا۔