کابل میں جشن کے دوران ہوائی فائرنگ ، 17 افراد جاں بحق

,

   

Ferty9 Clinic

کابل:کابل میں طالبان کی جانب سے افغانستان کی وادی پنج شیر میں قبضے کی اطلاع ملتے ہی جشن منایا گیا اور ہوائی فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں 17 افراد جاں بحق ہوگئے۔اطلاعات کے مطابق پنج شیر کی مزاحمتی فورسز نے طالبان کے دعووں کو مسترد کردیا اور کہا کہ وادی پر ان کا کنٹرول ہے۔افغانستان کی خبر رساں ایجنسی شمشاد کے مطابق گزشتہ رات کابل میں ہوائی فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں 17افراد جاں بحق اور 41 زخمی ہوگئے اور طلوع نیوز نے بھی اسی طرح کی رپورٹ دی۔ طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ہوائی فائرنگ کے واقعہ پر کہا کہ ہوائی فائرنگ سے گریز کیا جائے کیونکہ آپ کو دیا گیا اسلحہ عوامی اثاثہ ہے، کسی کو بھی اس سے نقصان کرنے کا حق حاصل نہیں۔ دوسری جانب پنچ شیر میں سابق مجاہدین کے کمانڈر احمد شاہ مسعود کے بیٹے کے ساتھ موجود نائب صدر امراللہ صالح نے مزاحمتی فورسز کی خطرناک حالت کا اعتراف کیا۔ان کا کہنا تھا کہ مزاحمت جاری ہے اور جاری رہے گی۔خیال رہے کہ طالبان نے 15 اگست کو کابل پر قبضہ کرلیا تھا لیکن پورے افغانستان میں پنچ شیر واحد علاقہ تھا جہاں طالبان قبضہ نہیں کر پائے تھے۔طالبان مخالف فورسز اور سابق فوجی اہلکار پنچ شیر میں جمع ہوگئے تھے جہاں احمد شاہ مسعود کے 32 سالہ بیٹے احمد مسعود نے طالبان کے خلاف مزاحمت کا اعلان کیا تھا۔