کابینہ میں خواتین کی شمولیت کا وعدہ

   

مہیلا کانگریس کی کامیابی: این شاردا
حیدرآباد۔/23 فروری، ( سیاست نیوز) مہیلا کانگریس کی صدر این شاردا نے کہا کہ مہیلا کانگریس کے مطالبہ پر چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے وزارت میں خاتون کو شامل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ کے سی آر نے آج اسمبلی میں یہ اعلان کیا۔ این شاردا نے اسے مہیلا کانگریس کی اخلاقی کامیابی سے تعبیر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی غیر معمولی صلاحیتوں سے انکار نہیں کیاجاسکتا۔ سونیا گاندھی نے تلنگانہ ریاست تشکیل دی اور اسی ریاست کی کابینہ میں خواتین کی عدم شمولیت افسوسناک ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کے سی آر خواتین کے ساتھ محض زبانی وعدے کررہے ہیں جبکہ حقیقت میں ان کی ترقی پر کوئی توجہ نہیں دی گئی۔ مہیلا کانگریس نے خواتین کے حق میں ایک سے زائد مرتبہ جدوجہد کی۔ چیف منسٹر نے دو خواتین کو کابینہ میں شامل کرنے کا اعلان کیا ہے جو خوش آئند ہے۔ انہوں نے چیف منسٹر سے مطالبہ کیا کہ اپنے وعدہ کی تکمیل کرتے ہوئے فوری خواتین کو کابینہ میں شامل کریں۔