حیدرآباد 6 جون (سیاست نیوز) تلنگانہ میں نظم و نسق کو متحرک کرنے اور سرکاری اسکیمات پر مؤثر عمل کو یقینی بنانے چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کابینہ کا اجلاس مہینہ میں 2 مرتبہ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ 15 دن میں ایک مرتبہ کابینہ اجلاس منعقد ہوگا جس میں محکمہ جات کی کارکردگی اور سرکاری اسکیمات پر عمل کا جائزہ لیا جائے گا۔ بتایا گیا کہ کل کابینی اجلاس میں وزراء نے تجویز پیش کی کہ کابینہ کے اجلاس کا متواتر انعقاد عمل میں آئے تاکہ سرکاری محکمہ جات کو جوابدہ بنایا جاسکے۔ بتایا جاتا ہے کہ وزراء نے شکایت کی کہ حکومت کی نئی اسکیمات پر عمل کے سلسلہ میں ضلع نظم و نسق کا رویہ تساہل پر مبنی ہے۔ وزراء کی تجویز پر چیف منسٹر ہر مہینہ کے پہلے اور تیسرے ہفتہ میں کابینہ اجلاس طلب کرنے اتفاق کیا۔ چیف منسٹر نے وزراء سے کہاکہ فلاحی اسکیمات پر مؤثر عمل آوری کو یقینی بنانے اضلاع کا دورہ کریں اور ضلع کلکٹرس کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کریں۔ چیف منسٹر نے بعض محکمہ جات کی کارکردگی پر ناراضگی جتائی اور اشارہ دیا کہ جلد ہی نظم و نسق میں بڑے پیمانہ پر تبدیلیاں کی جائیں گی۔1