حیدرآباد 25 جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ ریاستی کابینہ کا اجلاس 28 جولائی 2 بجے دن ڈاکٹر بی آر امبیڈکر سکریٹریٹ میں ہوگا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی صدارت کریں گے ۔ کابینہ کا اجلاس مقررہ شیڈول کے مطابق آج ہونے والا تھا لیکن نئی دہلی میں او بی سی طبقات اجلاس میں بیشتر ریاستی وزراء کی شرکت کو دیکھتے ہوئے اجلاس 28 جولائی تک ملتوی کیا گیا۔ ریونت ریڈی جو گزشتہ دو دن سے نئی دہلی کے دورہ پر تھے ، آج حیدرآباد واپس ہوئے۔ وزراء پونم پربھاکر ، کونڈا سریکھا ، وی سری ہری اور دیگر سینئر قائدین نئی دہلی میں آل انڈیا کانگریس او بی سی ڈپارٹمنٹ اجلاس میں شریک ہیں۔ چیف منسٹر کے ہمراہ ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا اور وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی بھی دورہ دہلی میں شامل تھے۔ توقع ہے کہ کابینی اجلاس میں بی سی تحفظات کے مسئلہ پر اہم فیصلہ کیا جائے گا ۔ حکومت نے پنچایت راج قانون میں ترمیم کرتے ہوئے آرڈیننس کی اجرائی کا فیصلہ کیا لیکن ریاستی گورنر جشنو دیو ورما نے ابھی تک آرڈیننس کو منظوری نہیں دی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ اگر آرڈیننس کی منظوری میں قانونی رکاوٹ ہو تو کانگریس پارٹی ٹکٹوں کی تقسیم میں پسماندہ طبقات کو 42 فیصد نمائندگی دے گی۔1