کاجل کے مختلف انداز

   

Ferty9 Clinic

آج کل خواتین میں مختلف قسم کے آئی میک اپ کا استعمال بہت مقبول ہو رہا ہے اور ان کی خوبصورتی بڑھانے کیلئے نت نئے میک اپ ٹولز اور مصنوعات مارکیٹ میں موجود ہوتی ہیں جن کے باعث اکثر خواتین کی آنکھوں کی خوبصورتی ماند پڑتی جاتی ہے لیکن کیا آپ جانتی ہیں کاجل کے ذریعے بھی آنکھوں کی خوبصورتی میں اضافہ کیا جا سکتا ہے چونکہ آج کل لائٹ میک اپ کا رواج عام ہے۔لڑکیاں لائٹ میک اپ کے ساتھ کاجل کو اس انداز سے لگاتی ہیں کہ ان کا میک اپ ایک دم نمایاں نظر آتا ہے۔آئیے پھر آج بات کرتے ہیں میک اپ کے ان اسٹائل پر جن کے ذریعے آنکھوں کی خوبصورتی میں مزید اضافہ کیا جا سکتا ہے۔
بیسک کاجل اسٹائل:کاجل کا وہ اسٹائل جس میں اوپر اور نیچے ایک ہی گولائی یا لکیر میں کاجل لگایا جائے تو اس اسٹائل کو بیسک کاجل اسٹائل کہا جاتا ہے۔اگر آپ جلدی کسی تقریب میں جانا چاہتی ہیں تو بیسک کاجل اسٹائل لگائیں یہ باآسانی دو منٹ میں آپ کی آنکھوں کی خوبصورتی میں اضافہ کر دے گا۔
اسموکی آئی اسٹائل کاجل: اگر آپ اسموکی آئی اسٹائل کاجل لگانا چاہتے ہیں تو آنکھوں کی لیش لائن پر کاجل لگائیں کچھ دیر تھوڑی سی مقدار میں پٹرولیم جیلی لے کر آنکھوں کو ہلکے ہاتھ سے رگڑیں جس سے کاجل اسموکی اسٹائل کا لْک دے گا۔
مصری کاجل اسٹائل:منفرد نظر آنے کی خواہشمند خواتین مصری اسٹائل سے ہی کاجل لگاتی ہیں۔آنکھوں کے پپوٹوں پر پلکوں سے لے کر بھنوؤں کی ہڈی تک کوئی میٹلک شیلڈ لگا لیں۔اب آنکھ کے نچلے حصے پر گہری لائن بنائیں لائن کا آغاز آنکھ کے اندرونی گوشے سے کریں اور اس کا اختتام آنکھ کے بیرونی کونے پر کریں۔بیرونی گوشے کی جانب کاجل قدرے بڑھا کر اس طرح لگائیں کہ یہ اوپر والی لائن سے مل جائے اور آنکھوں کے گرد ایک حاشیہ سا بنائیں۔بس یہی ہے کلاسیکی مصری اسٹائل کاجل،اب کوئی وجہ نہیں کہ آپ کسی بھی تقریب میں ایسا کاجل لگا کر جائیں اور منفرد نظر نہ آئیں۔
سنگل اور ڈبل ونگ کاجل:اس اسٹائل کو اپنانے کیلئے ہمیں آنکھ کے اوپر لگائے گئے کاجل کی لکیر (لائن) قدرے اوپر اْٹھا کر اس طرح بنانی ہو گی جیسے کسی محوپرواز پرندے کا پَر ہوتا ہے۔ڈبل ونگ اسٹائل کیلئے آنکھوں کے اوپر والے حصے پر خوبصورت سا ونگ بنایا جاتا ہے پھر نچلی سطح (یعنی پلکوں تلے) کاجل کو اس طرح بڑھا کر لگائیں کہ ایک اور ونگ بن جائے اس کا رخ نیچے کی جانب ایک قوس بناتا ہوا نظر آئے۔ڈبل ونگ اسٹائل یہ کاجل تقریبات کیلئے موزوں انتخاب ہے۔