کارتک کپتان کوہلی کی بائیوپک کرنے کے خواہاں

   

ممبئی۔ان دنوں بالی ووڈ فلم انڈسٹری میں بایوپک (کسی کی زندگی پر مبنی فلم ) کا دور چل رہا ہے۔ ہر دوسرا اداکار کسی نہ کسی کی بایوپک کر رہا ہے۔ اس فہرست میں جلد ہی کچھ اور فنکاروں کے نام بھی شامل کیے جا سکتے ہیں کیونکہ وہ بھی اس رجحان کا حصہ بننے کے خواہاں ہیں۔ ان اداکاروں میں کارتک آریان کا نام سرفہرست ہے جو ہندوستانی ٹسٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی کی زندگی پرمبنی فلم میں کام کرنے کے خواہشمند ہیں۔ اپنے تازہ انٹرویو میں کارتک آریان نے کہا ہے کہ اگر انہیں مستقبل میں کبھی موقع ملا تو وہ ویراٹ کوہلی کی بایوپک میں ضرور کام کریں گے۔کارتک آریان نے اپنی فلم دھماکہ کی کامیابی کے حوالے سے ایک نیوز پورٹل سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ ناظرین نے دھماکہ کو اتنا پسند کیا ہے۔ کارتک کے مطابق میں بے حد خوش ہوں کہ ناظرین نے اس کا اتنا لطف اٹھایا ہے۔ دھماکہ کے لیے میں نے جو محنت کی وہ شائقین سے داد حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔ فلم کو اچھا ردعمل ملا ہے اور لوگوں نے سوشل میڈیا پر اس کی زبردست تعریف کی۔ یہ میرے کیریئر کا سب سے چیلنجنگ کردار تھا۔ میں مستقبل میں بھی ایسے چیلنجنگ کردار ادا کرنا چاہتا ہوں۔کارتک آریان ان دنوں بالی ووڈ کے مصروف ترین اداکاروں میں سے ایک ہیں۔سونو کے ٹیٹو کی سویٹی کی کامیابی کے بعد ہر پروڈیوسر کارتک کے ساتھ ہاتھ ملانا چاہتا ہے۔ کارتک آریان کے پاس اس وقت بھول بھولیا 2، شہزادہ، فیڈی، کیپٹن انڈیا اور پروڈیوسر ساجد ناڈیاڈوالا کی اگلی فلم ہے۔ ان تمام فلموں میں کارتک مختلف کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔ کارتک کے بارے میں لوگ اکثر کہا کرتے تھے کہ وہ ایک جیسی فلمیں کرتے ہیں لیکن آنے والے وقت میں وہ ایسے لوگوں کو غلط ثابت کریں گے۔