کارتی چدمبرم کے کئی ٹھکانوں پر سی بی آئی کے چھاپے

   

نئی دہلی: مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) نے بیرون ملک سے ملنے والے فنڈز کے سلسلے میں منگل کو سابق مرکزی وزیر خزانہ اور کانگریس کے سینئر لیڈر پی چدمبرم کے بیٹے کارتی چدمبرم کے نو احاطوں اور دفاتر کی تلاشی لی۔ سی بی آئی ذرائع نے منگل کو یہ معلومات دی۔ ذرائع نے بتایا کہ سی بی آئی اہلکار چنئی سمیت پورے ملک میں کارتی کے کئی ٹھکانوں پر تلاشی مہم چلا رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق یہ چھاپے بیرون ملک سے مبینہ طور پر فنڈز ملنے کے معاملے کی بنیاد پر مارے جا رہے ہیں۔ دریں اثنا چھاپے کی تفصیلات دیتے ہوئے مسٹر چدمبرم نے ٹویٹ کیاکہ آج صبح سی بی آئی کی ٹیم نے چنئی میں میری رہائش گاہ اور دہلی میں میری سرکاری رہائش گاہ کی تلاشی لی۔ ٹیم نے مجھے ایک ایف آئی آر کی کاپی دکھائی جس میں میرا نام بطور ملزم نہیں ہے ۔تلاشی ٹیم کو نہ تو کچھ ملا اور نہ ہی قبضے میں لیا گیا۔ میں کہہ سکتا ہوں کہ چھاپے کا یہ وقت دلچسپ ہے ۔ کانگریس کے لیڈر اور لوک سبھا میں پارٹی کے رکن پارلیمنٹ کارتی چدمبرم نے ٹویٹ کیاکہ میں یہ گننا بھول گیا کہ یہ کتنی بار ہوا ہے ۔ یہ ایک ریکارڈ بنے گا۔