کاروں کی ٹکر سے زور دار دھماکہ ، 19 افراد ہلاک

   

قاہرہ۔ 5 اگست (سیاست ڈاٹ کام) حکومت مصر کی ایک اہم اطلاع کے مطابق ایک ایسا سڑک حادثہ جس میں بیک وقت کئی کاریں ملوث پائی گئیں، رونما ہونے سے اتنا زوردار دھماکہ ہوا کہ قریب میں واقع ایک کینسر ہاسپٹل کی عمارت میں آگ لگ گئی اور حادثہ میں 19 افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ اتوار کے روز رات دیر گئے مشہور و معروف تحریر اسکوائر کے قریب رونما ہوئے اس بدترین حادثہ میں 35 افراد کے زخمی ہونے کی وزارت صحت نے توثیق کی ہے۔ دوسری طرف وزارت داخلہ کی جانب سے جو بیان جاری کیا گیا ہے، اس کے مطابق نیشنل کینسر ہاسپٹل کے باہر ایک کار وہاں موجود دیگر تین کاروں سے ٹکرا گئی جس سے ایک زبردست دھماکہ ہوا جس نے ہاسپٹل کی عمارت کو جزوی طور پر اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ لگتے ہی وہاں زیرعلاج 34 مریضوں کا تخلیہ کروایا گیا، البتہ یہ نہیں بتایا گیا کہ مہلوکین میں ہاسپٹل کے مریض یا اسٹاف شامل ہیں یا نہیں۔ اب تک یہ بھی معلوم نہیں ہوا کہ کاروں کی ٹکر سے زوردار دھماکہ کیوں ہوا۔ وزارت صحت کے مطابق زخمیوں کا مختلف ہاسپٹلس میں علاج جاری ہے۔