کارپوریشن انتخابات ہوئے ملتوی: عام آدمی پارٹی کا مرکزی حکومت پر ریاستی الیکشن آفیسر کو دھمکانے کا لگایا الزام

   

عام آدمی پارٹی کے ایم سی ڈی انچارج درگیش پاٹھک نے کہا کہ ملک کی جمہوریت خطرے میں ہے۔  شکست کے خوف سے بی جے پی نے ریاستی الیکشن کمشنر کو جیل میں ڈالنے کی دھمکی دے کر دہلی کارپوریشن انتخابات کو ملتوی کر دیا۔ بی جے پی پہلے کرپٹ لوگوں کو اہم عہدوں پر بٹھاتی ہے، وقت آنے پر انہیں ڈرا دھمکا کر من پسند کام کرواتی ہے۔ پریس کانفرنس میں موجود آپ ایم ایل اے آتشی نے کہا کہ یہ جمہوریت کے خاتمے کی شروعات ہے، شکست کے خوف سے کارپوریشن انتخابات آج ملتوی کیے گئے ہیں، ریاستی انتخابات کل کو ملتوی ہوسکتے ہیں۔ مرکز اتحاد چاہتا ہے تو انتخابات کے بعد بھی ممکن ہے، آج ہم 3 ہاؤس میں بیٹھے ہیں، 6 ماہ بعد ایک ہاؤس میں بیٹھ سکتے ہیں۔ ٹی این شیشن جیسے لوگ اس ملک میں چیف الیکشن کمیشن رہے ہیں۔ ایسے لوگوں نے الیکشن کمیشن کو اس بلندی پر پہنچا دیا ہے کہ اس پورے ملک میں، پوری دنیا میں کوئی بھی الیکشن کمیشن آف انڈیا پر سوال نہیں اٹھا سکتا۔ لیکن آج الیکشن کمیشن کی آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کرانے کی اہلیت پر سوال اٹھ رہے ہیں۔ عام آدمی پارٹی کے سینئر لیڈر اور ایم سی ڈی انچارج درگیش پاٹھک نے ہفتہ کو پارٹی ہیڈکوارٹر میں پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔