کارپوریشن میں بی جے پی من مانی کر رہی ہے :عآپ

   

نئی دہلی، 27 جون (یو این آئی) عام آدمی پارٹی (عآپ) کے لیڈر اور میونسپل کارپوریشن (ایم سی ڈی) میں اپوزیشن لیڈر انکش نارنگ نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر کارپوریشن میں من مانی کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ ڈھائی سال بعد کارپوریشن کی اسٹینڈنگ کمیٹی کی پہلی میٹنگ میں میڈیا کو داخل ہونے کی اجازت نہیں دی گئی۔ انکش نارنگ نے اس موقع پر کہا کہ ڈھائی سال بعد ایم سی ڈی میں آج اسٹینڈنگ کمیٹی کے ارکان کی پہلی میٹنگ ہوئی، لیکن یہاں بھی بی جے پی نے من مانی کرتے ہوئے میڈیا کو میٹنگ میں داخل نہیں ہونے دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایم سی ڈی کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ بی جے پی نے میڈیا کو اسٹینڈنگ کمیٹی کے اجلاس میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی، بی جے پی ایسا کون سا ایجنڈا پاس کرنا چاہتی ہے ، جس کی وجہ سے میڈیا کو داخلے کی اجازت نہیں دی گئی۔ انکش نارنگ نے کہا کہ عام آدمی پارٹی نے ہمیشہ اپوزیشن میں مثبت کردار ادا کیا ہے اور آئندہ بھی کرتی رہے گی۔
عام آدمی پارٹی آج قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں میڈیا کو داخلے کی اجازت نہ دینے کے معاملے کی سخت مخالفت کرتی ہے ۔