کارپوریٹر للیتاباغ کے بھانجے کے قتل کیس میں دو ملزمین گرفتار

   


مکان کے تخلیہ کا تنازعہ قتل کی وجہ ۔ ڈی سی پی ساؤتھ زون کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔26 ۔ڈسمبر (سیاست نیوز) مجلسی کارپوریٹر للیتا باغ ڈیویژن کے بھانجے سید مرتضیٰ علی انس کے قتل کیس میں ملوث دو ملزمین کو بھوانی نگر پولیس نے ٹاسک فورس کی مدد سے گرفتار کرلیا۔ ڈی سی پی ساؤتھ زون پی سائی چیتنیہ نے پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ 28 سالہ سلیمان خان جو پیشہ سے سوئیگی ڈیلیوری بوائے ہے، اپنے ایک رشتہ کے بھائی 24 سالہ عبدالحامد خان جو کمیکل کا کاروبار کرتا ہے جو مادنا پیٹ کا ساکن ہے ، نے نوجوان کا قتل کیا ۔ انہوں نے کہا کہ سلیمان خان اور عبدالحمید خان کے ایک دوست جنید کا ایک خاتون جو کرایہ دار بتائی جاتی ہے تنازعہ چل رہا تھا ۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ نوجوانوں نے خاتون کو مکان سے تخلیہ کرانے ہراساں کر رہے تھے جس کے نتیجہ میں خاتون للیتا باغ کارپوریٹر محمد علی شریف اعظم سے رجوع ہوئیں۔ کارپوریٹر نے تینوں نوجوانوں کو معاملہ کی یکسوئی کا مشورہ دیا اور اس دوران دفتر پر اس معاملہ پر بحث و تکرار ہوئی۔ بعد ازاں سلیمان و حامد خاں نے جنید کے ساتھ مل کر پولیس سے کرایہ دار کے خلاف شکایت بھی درج کرائی ۔ پولیس نے دعویٰ کیا کہ سلیمان اور حامد نے کارپوریٹر کے اس معاملہ میں ملوث ہونے پر مخاصمت رکھتے ہوئے سبق سکھانے کا ارادہ کیا۔ اسی دوران 19 ڈسمبر کو سید مرتضیٰ علی انس اپنے دوست کے ہمراہ می سیوا سنٹر میں اقلیتی قرض کا فارم داخل کرنے گیا ہوا تھا جہاں پر دونوں اس کو دیکھ کر مشتعل ہوگئے اور بحث و تکرار ہوئی۔ قتل کی غرض سے سلیمان اور حامد نے تیز دھار چاقو حاصل کیا اور یہ اطلاع ملنے پر کہ انس کارپوریٹر کے دفتر پر موجود ہے، وہاں پہنچ کر بحث و تکرار کے بعد اس پر چاقو سے حملہ کردیا جس کے نتیجہ میں نوجوان کی موت واقع ہوگئی ۔ پولیس نے گرفتار ملزمین کے قبضہ سے ایک چاقو ، موٹر سیکل اور دو موبائیل بھی برآمد کرلئے۔ب