کار کے سرقہ کی جھوٹی شکایت، وکیل گرفتار

   

ماہانہ قسط کی ادائیگی سے بچنے اور انشورنس کا دعوی کا منصوبہ

حیدرآباد ۔ /8 فبروری (سیاست نیوز) سنٹرل کرائم اسٹیشن (سی سی ایس) پولیس نے ایک وکیل کو گرفتار کرلیا جس نے خود کی کار کا سرقہ ہونے کی درخواست کی شکایت درج کروائی تھی ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ڈیٹکٹیو ڈپارٹمنٹ مسٹر اویناش موہنتی نے کہا کہ 27 سالہ سید صفی اللہ حسینی جو پیشہ سے وکیل ہے نے جی کیپٹل فینانس سے ماہانہ اقساط پر کار لون حاصل کیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ ماہانہ اقساط کی ادائیگی اور انشور نس حاصل کرنے کیلئے صفی اللہ حسینی نے عابڈس پولیس سے ایک شکایت درج کروائی جس میں کہا کہ عابڈس میں واقع بجاج الیکٹرانک شوروم کے قریب پارک کی ہوئی اس کی کار کا سرقہ کرلیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گرفتار ملزمین نے چندرائن گٹہ بابا نگر کے کے بی موٹرس کے پروپرائٹر غلام علی سے ٹوئیٹا فارچیونر کار سال 2016 ء میں 17 لاکھ 50 ہزار روپئے میں خریدی تھی اور روپیوں کی سخت ضرورت پڑنے پر اس نے اپنی کار کو ایکسیس بینک رانی گنج سے 10 لاکھ 24 ہزار کا ماہانہ اقساط پر کار لون حاصل کیا اور وہ ایک سال تک قرض کی رقم بلاناغہ ادا کرتا رہا ۔ بعد ازاں دھوکہ دینے کی غرض سے گرفتار ملزم نے جی کیپٹل سرویسیس فینانس واقع بنجارہ ہلز پر ٹاپ اپ کار لون حاصل کیا اور کچھ قرض کی رقم بھی ادا کی ۔ ڈی سی پی نے کہا کہ فینانس کمپنی کو دھوکہ دینے کی غرض سے صفی اللہ حسینی نے مبینہ طور پر اپنی کار کا کلر اور نمبر بھی بدل دیا اور اس کار کو سنگاریڈی علاقہ میں محفوظ کردیا تاکہ عابڈس پولیس اسٹیشن میں درج کردہ سرقہ کا کیس بند ہونے پر وہ انشورنس کی رقم حاصل کرتے ہوئے اپنی بقایا قرض کی ادائیگی کا منصوبہ بنایا تھا لیکن سی سی ایس پولیس نے اس کوشش کو ناکام بناتے ہوئے اسے گرفتار کرلیا ۔