کاغذ نگر میں موم بتی ریالی ، شہید فوجی شاکر حسین کو خراج

   

متوفی کی بیوہ کو ڈبل بیڈ روم مکان اور ایک کروڑ روپئے معاوضہ دینے حکومت سے مطالبہ

کاغذ نگر۔ کاغذ نگر موظف ایمپلائز اسوسی ایشن صدر محمد مقبول حسین اور سینئر سٹیزن ریاستی سکریٹری ستیہ نارائن کی زیر نگرانی جمعہ کی شام امبیڈکر چوک سے شہید مسلم فوجی شاکر حسین کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے امن و شانتی موم بتی ریالی کا آغاز عمل میں لایا گیا اور ریالی کاغذ نگر کے مختلف علاقوں سے گذرتے ہوئے موم بتی ریالی راجیو گاندھی چوراستہ پر ریالی کا اختتام عمل میں آیا اور ریالی جلسہ میں تبدیل ہوگئی۔ اس موقع پر موظف ایمپلائز اسوسی ایشن اراکین پرساد، سید سردارعلی، جیادو، نرسیا، راجیا، محمد ظہیر، محمد قیوم الدین کے علاوہ دوسرے موجود تھے۔ اس موقع پر موظف ایمپلائز اسوسی ایشن صدر محمد مقبول حسین نے کہا کہ ملک کی حفاظت کرتے ہوئے اپنی جان کی قربانی دینے والے شہید فوجی شاکر حسین کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے موم بتی ریالی نکالی گئی۔ اس موقع پر انہوں نے ریاستی حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی حفاظت کرتے ہوئے اپنی جان کی قربانی دینے والے مسلم فوجی شہید شاکر حسین کی بیوہ کو سرکاری نوکری دیتے ہوئے بچوں کی پرورش کیلئے ایک کروڑ روپے معاوضہ ادا کرنے کا مطالبہ کیا اور رہائش کیلئے ڈبل بیڈ روم مکان کی منظوری کا بھی ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا گیا تاکہ اقلیتی فرقہ کے ساتھ ناانصافی نہ ہو کیونکہ اس سے قبل اکثریتی فرقہ کے شہید فوجیوں کو ریاست تلنگانہ حکومت نے معاوضہ کروڑہا روپئے اور نوکری کی منظوری دی تھی۔ اس لئے بغیر بھید بھاؤ کے شہید مسلم فوجی شاکر حسین کی ملک کی خدمات کو مدنظر رکھتے ہوئے شہید فوجی جوان کی بیوہ اور افراد خاندان کو معاوضہ اور ایکس گریشیا منظور کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ اس موقع پر شاکر حسین امر ہے اور انڈین آرمی زندہ باد کے نعرے لگائے گئے۔