حیدرآباد /18 نومبر ( سیاست نیوز ) شہر کے ایک کالج میں زہریلی گیس کے اخراج سے سنسنی پھیل گئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ اس حادثہ میں 36 سے زائد طلباء شدید متاثر ہوگئے ۔ ویسٹ ماریڈپلی کے کستوربا کالج میں یہ حادثہ پیش آیا ۔ کستوربا کالج کے ایک لیاب سے زہریلی گیس کا اخراج ہوا اور دیکھتے ہی دیکھتے یہ گیس سارے احاطہ میں پھیل گئی ۔ سانس لینے میں تکلیف اور گھٹن کی شکایت پر شدید متاثرہ طلبہ کو ایمبولنس کے ذریعہ گاندھی ہاسپٹل اور شہر کے دیگر پرائیویٹ ہاسپٹل منتقل کیاگیا ۔ ایک وقت کستوربا کالج کا احاطہ طلباء کی چیخ و پکار اور ایمبولنسوں کے سائرن کی گونج سے خوفناک منظر پیش کر رہا تھا ۔ اطلاع کے فوری بعد پولیس کالج پہونچی اور متاثرہ طلبہ کو ہاسپٹل منتقل کیا گیا اور فوری طور پر کالج کے احاطہ کو خالی کروادیا گیا۔ متاثرہ طلبہ کا علاج جاری ہے جن کی حالت خطرہ سے باہر بتائی گئی ہے ۔حکام کی جانب سے گیس کے اخراج کی وجوہات کا جائزہ بھی لیا جا رہا ہے ۔ ع