بندوق بھی تان دی جائے تو سچ کہوں گا
حیدرآباد 6 جون (سیاست نیوز) بی جے پی رکن پارلیمنٹ ایٹالہ راجندر نے کہاکہ وہ سچائی پر یقین رکھتے ہیں اور اگر اُن پر بندوق تان دی جائے تب بھی وہ سچ ہی کہیں گے۔ کالیشورم کمیشن کے روبرو حاضری کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے راجندر نے کہاکہ کمیشن نے اُن سے جو سوالات کئے ہیں اُس کا اُنھوں نے سچائی پر مبنی جواب دیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ کالیشورم پراجکٹ معاملہ میں میرا کوئی رول نہیں ہے۔ پراجکٹ کی ری ڈیزائننگ کیلئے کے سی آر نے کابینی سب کمیٹی تشکیل دی تھی اور اُس وقت کے وزیر آبپاشی ہریش راؤ کمیٹی کے صدرنشین تھے۔ اُنھوں نے کہاکہ پراجکٹ کی تکمیل کے سلسلہ میں انجام دیئے گئے اُمور سے متعلق تمام تفصیلات کو منظر عام پر لانا چاہئے۔ اُنھوں نے حکومت کو مشورہ دیا کہ کالیشورم معاملہ کو سیاست مقصد براری کے لئے استعمال نہ کرے۔ اُنھوں نے الزام عائد کیاکہ سیاسی انتقامی کارروائی کے تحت کانگریس حکومت نے تحقیقاتی کمیشن قائم کیا ہے۔ اُنھوں نے حیرت کا اظہار کیاکہ کمیشن خود اِس بات سے ناواقف ہے کہ نوٹس کسے جاری کی جائے۔ وزیر فینانس کے طور پر مجھے نوٹس جاری کرنا باعث حیرت ہے کیوں کہ میں نے صرف حکومت کی منظوری کی تعمیل کرتے ہوئے فنڈس جاری کئے تھے۔1