کالیشورم پراجکٹ کیلئے فارم ہاوز میں کے سی آر کی حکمت عملی

   

سپریم کورٹ سے رجوع ہونے اور اسمبلی میں جواب دینے کی تیاریاں، اہم قائدین سے مشاورت
حیدرآباد۔ 23 اگست (سیاست نیوز) بی آر ایس کے سربراہ سابق چیف منسٹر کے سی آر نے تلنگانہ ہائی کورٹ کی جانب سے کالیشورم کمیشن کی رپورٹ پر حکم التواء جاری کرنے سے انکار کردینے کے بعد مستقبل کی حکمت عملی طے کرنے کے لئے پارٹی کے اہم قائدین کو فارم ہاوز طلب کیا ہے۔ اس اجلاس میں کے ٹی آر، ہریش راؤ، ونود کمار، جگدیش ریڈی کے علاوہ دوسرے قائدین نے شرکت کی ہے۔ پارٹی کے ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ کمیشن کی اس رپورٹ کو سپریم کورٹ سے بھی رجوع کرنے کا جائزہ لیا گیا ساتھ ہی ماہرین قانون سے بھی رائے حاصل کرنے سے اتفاق کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ اس رپورٹ کو اسمبلی میں پیش کرنے پر کس طرح سے اس کا سامنا کیا جائے اس پر بھی غور و خوض کیا گیا۔ کے سی آر نے پارٹی کے قائدین کو بتایا کہ کالیشورم پراجکٹ تلنگانہ کے لئے ریڑ کی ہڈی ہے جس سے زرعی شعبہ کے ساتھ ساتھ عوام کو پینے کا پانی دستیاب ہوتا ہے۔ یہ ایک اہم پراجکٹ ہے لیکن اس کو سیاسی مسئلہ بناتے ہوئے کانگریس اور بی جے پی کی جانب سے بے فیض قرار دینے کی کوشش کی جارہی ہے۔ دونوں قومی جماعتوں کی اس سازش کا ایوانوں کے ساتھ ساتھ عوام کے درمیان پہنچ کر جواب دینے کی ضرورت ہے۔ اس کے لئے پارٹی کے قائدین اسمبلی میں رپورٹ پر مباحث کے لئے ابھی سے اپنی تیاری شروع کردیں اور ساتھ ساتھ ہی عوام کے درمیان پہنچنے کی تیاری کریں۔ مختلف مقامات پر کارنر میٹنگس اور پریس کانفرنس کے ذریعہ عوام میں جو غلط فہمیاں پھیلائی گئی ہیں اس کو دور کرنے کی کوشش کریں۔ کے سی آر گزشتہ دو دن سے اس مسئلہ پر پارٹی کے اہم قائدین کے ساتھ ساتھ ماہرین قانون سے بھی مشاورت کررہے ہیں۔ 2