کالیشورم پراجیکٹ سے پانی کی سربراہی کا چیف منسٹر نے افتتاح کیا

,

   

پوچما ساگر ذخیرہ آب کا آغاز، آبپاشی پراجکٹس کی تعمیر جاری رکھنے کے چندر شیکھر راو کا عہد
حیدرآباد 29 مئی(سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آج کالیشورم لفٹ اریگیشن اسکیم پراجکٹ سے کونڈا پوچما ساگر ذخیرہ آب کو پانی کی سربراہی کیلئے پمپ ہاؤز سے افتتاح کیا ۔ اس طرح دریائے گوداوری کا پانی کالیشورم پراجکٹ کے ذریعہ کونڈا پوچما ساگر ذخیرہ آب پہنچے گا ۔ اس تقریب میں چنا جیر سوامی نے بطور خاص شرکت کی۔ انکے علاوہ ریاستی وزراء ہریش راؤ ، اندرا کرن ریڈی ، پرشانت ریڈی ، ارکان پارلیمنٹ سنتوش کمار ، کے پربھاکر ریڈی اور دوسرے موجود تھے۔ کالیشورم پراجکٹ کی تعمیر کے بعد کسی ذخیرہ آب میں پانی کی سربراہی کا یہ پہلا مرحلہ ہے۔ سطح سمندر سے 618 میٹر بلندی پر تعمیر کردہ کونڈا پوچما ساگر ذخیرہ آب میں 15 ٹی ایم سی پانی کی گنجائش رکھی گئی ہے۔ اس ذخیرہ آب کے ذریعہ 2.85 لاکھ ایکر اراضی کو پانی سیراب کیا جاسکے گا۔ چنا جیر سوامی کے ساتھ خصوصی پوجا کے بعد کے سی آر نے پمپ ہاؤز کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر چیف منسٹر نے کہا کہ کونڈا پوچما ذخیرہ آب کو پانی کی سربراہی اہم کارنامہ ہے۔ متحدہ میدک ضلع میں آبپاشی سہولتوں کیلئے اس کا استعمال کیا جائیگا۔

چیف منسٹر نے ذخیرہ آب کی تعمیر کے سلسلہ میں اراضی حوالے کرنے پر گاؤں والوں سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ خصوصی معاشی زون میں مقامی افراد کو روزگار فراہم کیا جائیگا ۔ اراضیات سے محروم افراد کی حکومت ہر ممکن مدد کریگی۔ انہوں نے کہا کہ ملنا ساگر پراجکٹ تلنگانہ کا دوسرا بڑا پراجکٹ ہے۔ انہوں نے کالیشورم پراجکٹ کو تلنگانہ انجنیئرس کا ایک اہم کارنامہ قرار دیا۔ اس پراجکٹ سے تلنگانہ کیلئے 165 ٹی ایم سی اضافی پانی کی گنجائش حاصل ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے کسانوں کیلئے بہت جلد خوشخبری کا اعلان کیا جائے گا جو ملک کیلئے بھی خوشخبری سے کم نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ دھان کی پیداوار میں تلنگانہ ملک میں سرفہرست ہے۔ ملک میں 83 لاکھ ٹن کی پیداوار ہوئی جس میں 53 لاکھ ٹن تلنگانہ کا حصہ ہے ۔ فوڈ کارپوریشن آف انڈیا نے دھان کی پیداوار میں تلنگانہ کو سرفہرست قرار دیا ۔

کے سی آر نے کہا کہ لاکھ رکاوٹوں کے باوجود تلنگانہ میں آبپاشی پراجکٹ کی تکمیل کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ 48 ڈگری درجہ حرارت کے باوجود پراجکٹ کی تکمیل کیلئے کام کرنے والے انجنیئرس اور ورکرس سے اظہار تشکر کرتے ہیں۔ کے سی آر نے اپنی شریک حیات کے ساتھ سدی پیٹ کے کونڈا پوچما مندر میں خصوصی پوجا کی۔ وہاں سے وہ ایراویلی میں اپنے فارم ہاؤز روانہ ہوگئے ۔ بعد میں انہوں نے کونڈا پوچما ساگر کا افتتاح کیا ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ ترقیاتی و فلاحی اسکیمات میں ملک میں سرفہرست ہے ۔ چیف منسٹر نے بطور خاص مشن کاکتیہ و مشن بھگیرتا اسکیمات کا حوالہ دیا ۔ انہوں نے کہا کہ زرعی شعبہ کو 24 گھنٹے بلا وقفہ مفت برقی سربراہ کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 6 سال قبل تلنگانہ خشک سالی کا شکار تھا لیکن حکومت کی مساعی سے تلنگانہ مختلف فصلوں کی پیداوار میں ملک میں اہم مقام حاصل کرچکا ہے۔