کالیشورم پراجیکٹ : کانگریس اور بی جے پی کا سیاسی سازش : کے ٹی آر

   

عوامی مسائل سے توجہ ہٹانے کے سی آر اور ہریش راؤ کو نوٹس دی گئی ، کانگریس حکومت عوامی اعتماد سے محروم
حیدرآباد۔ 21 مئی (سیاست نیوز) بی آر ایس کے کارگزار صدر کے تارک راما راؤ نے کہا کہ نوٹسوں کی اِجرائی سے ہم ڈرنے گھبرانے والے نہیں ہیں بلکہ اس کا سامنا کریں گے۔ کانگریس اور بی جے پی ایک منظم سازش کے تحت بی آر ایس کو نقصان پہنچانے کیلئے پارٹی کے اہم قائدین کے خلاف چالیں چل رہی ہیں جس کو بی آر ایس عوام کی مدد سے ناکام بنائے گی اور قانونی جنگ میں جاری رکھے گی۔ کے ٹی آر نے آج میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کالیشورم لفٹ اریگیشن پراجیکٹ دُنیا کا سب سے بڑا پراجیکٹ ہے۔ زرعی اور کسانوں کے مفادات کے تحفظ کی خاطر بی آر ایس حکومت نے اس باوقار پراجیکٹ کو تعمیر کروایا تھا جس سے ریاست میں چاول اور دیگر اجناس کی پیداوار میں اضافہ ہوا ۔سچائی کو کبھی شکست نہیں ہوتی۔ جو بھی نوٹسیں جاری کی گئی ہیں، ہم عوامی اور قانونی عدالت میں بے قصور ثابت ہوں گے۔ کانگریس کا 17 ماہی دورِ حکومت مایوس کن ہے۔ حکومت کے خلاف عوام میں ناراضگی پائی جاتی ہے۔ اصل مسائل سے عوام کی توجہ ہٹانے کیلئے کانگریس اور بی جے پی مل کر ’’تماشہ‘‘ کررہے ہیں۔ کے ٹی آر نے کہا کہ تلنگانہ میں ’پرجا پالنا‘ بلکہ ’کمیشن پالنا‘ چل رہا ہے۔ کنٹراکٹرس، سیکریٹریٹ میں احتجاج کرتے ہوئے کمیشن مانگنے کا الزام عائد کررہے ہیں جبکہ وزراء اور کانگریس کے ارکان اسمبلی عوام کا کوئی بھی کام کمیشن کے بغیر نہیں کررہے ہیں۔ بی آر ایس لیڈر نے کہا کہ ایس ایل بی سی ٹنل حادثہ میں 8 افراد کی جان چلی گئی لیکن آج تک راحت کاری کے کام مکمل نہیں کئے گئے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی ملبہ میں سے نعشوں کو نکالنے میں ابھی تک کامیاب نہیں ہوئے۔ وہاں پر کیا ہوا، تاحال کوئی نہیں جانتا۔ ساتھ ہی نلگنڈہ میں سونکیشیلا پراجیکٹ منہدم ہوگیا، حکومت نے اس پر اب تک کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا۔ 2