کالیشورم پراجیکٹ کے ذریعہ دو فصلوں کو پانی کی سربراہی: ہریش رائو

   

طلبہ کو تعلیم پر توجہ دینے کا مشورہ، ڈبل بیڈروم مکانات اور جونیئر کالج میں دوپہر کھانے کی اسکیم کا افتتاح
حیدرآباد۔ 13 ڈسمبر (سیاست نیوز) وزیر فینانس ہریش رائو نے سدی پیٹ کے راگھواپورم میں 25 ڈبل بیڈروم مکانات کا افتتاح کیا جو ایک کروڑ 27 لاکھ 25 ہزار روپئے کی لاگت سے تعمیر کئے گئے تھے۔ ہریش رائو نے سدی پیٹ کے مختلف منڈلوں کا دورہ کرتے ہوئے ترقیاتی اسکیمات کا افتتاح کیا۔ انہوں نے ڈبل بیڈروم مکانات کے استفادہ کنندگان کے ساتھ کچھ وقت گزارا اور خصوصی پوجا میں حصہ لیا۔ اس موقع پر ضلع پریشد چیرمین وی رادھا کرشنا شرما اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔ ہریش رائو نے ڈبل بیڈروم مکانات کے استفادہ کنندگان سے مکانات میں موجود سہولتوں کے بارے میں استفسار کیا۔ استفادہ کنندگان نے مکانات کے الاٹمنٹ پر حکومت سے اظہار تشکر کیا اور بتایا کہ تمام سہولتوں سے آراستہ مکان تعمیر کیا گیا ہے۔ وزیر فینانس نے راگھوا پورم میں مزید ترقیاتی اسکیمات شروع کرنے کا وعدہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس موضع میں ایس سی ایس ٹی اور دیگر پسماندہ طبقات کے افراد کو ڈبل بیڈروم مکانات مختص کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مستحق افراد سے ایک پیسہ بھی وصول کئے بغیر مکانات الاٹ کئے گئے اور آئندہ بھی الاٹ کئے جائیں گے۔ انہوں نے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ صحت و صفائی کا بطور خاص خیال رکھیں۔ ہریش رائو نے کہا کہ مکانات میں رہنے والوں کو چاہئے کہ وہ ایک کمیٹی تشکیل دیں اور ہر گھر سے مخصوص رقم جمع کرتے ہوئے کالونی کی ترقی پر خرچ کریں۔ انہوں نے ہر گھر میں شجرکاری کا مشورہ دیا اور کہا کہ شجرکاری کے ذریعہ ماحول کو آلودگی سے پاک کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کچرے کی نکاسی کے سلسلہ میں پنچایت کے حکام سے تعاون کی اپیل کی۔ ہریش رائو نے پلاسٹک کے استعمال پر پابندی کی تائید کی اور عوام کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے طور پر پلاسٹک کا استعمال بند کریں۔ انہوں نے بتایا کہ بہت جلد مزید ڈبل بیڈروم مکانات کی تعمیر کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کالیشورم پراجیکٹ کے ذریعہ تالابوں کو سیراب کرتے ہوئے کم از کم دو فصلوں کے لیے سربراہی آب کو یقینی بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ربیع فصل کے لیے کالیشورم کا پانی کسانوں کو سربراہ کردیا جائے ۔ انہوں نے تالاوں اور نہروں کے کے تحفظ میں عوام سے تعاون کی اپیل کی۔ اسی دوران وزیر فینانس نے چناکوڈور موضع میں سرکاری جونیئر کالج میں دوپہر کے کھانے کی اسکیم کا افتتاح کیا۔ انہوں نے طلبہ سے اپیل کی کہ وہ سدی پیٹ میں ایس ایس کے نتائج کی طرح انٹرمیڈیٹ کے نتائج کو بہتر بنانے کی مساعی کریں۔ انہوں نے کہا کہ ایس ایس سی کے نتائج سدی پیٹ میں صدفیصد رہے جبکہ انٹر کے نتائج 40 فیصد تک گھٹ چکے ہیں۔ اس قدر تعداد میں طلبہ کی ناکامیوں کی وجوہات کا جائزہ لینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اعلی تعلیم کے سلسلہ میں انٹرمیڈیٹ ایک اہم موڑ ثابت ہوتاہے۔ انٹرمیڈیٹ اور ڈگری کی تکمیل کے بعد طلبہ اپنے مستقبل کا تعان کرسکتے ہیں۔ انہوں نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ بہتر تعلیم کے لیے سوشل میڈیا، فیس بک، ٹوئیٹر، ٹک ٹاک، واٹس ایپ، ٹی وی اور فلموں سے خود کو دور رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ بہتر تعلیم اور امتیازی کامیابی کے ذریعہ نہ صرف سدی پیٹ بلکہ اپنے والدین کا نام روشن کرسکتے ہیں۔ ہریش رائو نے کہا کہ حکومت نے سرکاری کالجس میں کارپوریٹ کالجس کی طرف پر سہولتیں فراہم کی ہیں۔ معیاری تعلیم کے ذریعہ غریب طلبہ کا مستقبل تاب ناک بنانے کا منصوبہ تیار کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کالجس میں لیکچررس کی مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کئے گئے تاکہ تعلیم میں کوئی رکاوٹ نہ رہے۔