آوٹر رنگ روڈ ٹنڈر میں بے قاعدگیاں، تحقیقاتی ایجنسیوں سے شکایت کا فیصلہ
حیدرآباد۔/24 مئی، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے الزام عائد کیا کہ کے ٹی آر اپنی غیر قانونی آمدنی اور کالے دھن کو بچانے کیلئے بیرونی ممالک کے دورے کررہے ہیں۔ آوٹر رنگ روڈ لیز معاملہ میں بے قاعدگیوں کے پس پردہ کے سی آر اور کے ٹی آر کار فرما ہیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ آوٹر رنگ روڈ لیز معاملہ میں آئی آر بی کمپنی نے ٹنڈر حاصل کیا تاہم قواعد کے مطابق 10 فیصد رقم جمع کرنے سے قاصر رہی۔ کمپنی کو 7388 کروڑ کے منجملہ 738 کروڑ اندرون 30 یوم جمع کرانا ہے لیکن کمپنی نے حکومت سے مزید وقت مانگا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے ٹی آر عہدیداروں پر دباؤ بنارہے ہیں کہ کمپنی کو 10 فیصد رقم جمع کرانے کیلئے وقت دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر اور کے ٹی آر شخصی مفادات کے تحت کمپنی کی تائید کررہے ہیں اور کمپنی کے درپردہ اور بھی خانگی ادارے کار فرما ہیں۔ ریونت ریڈی نے قواعد کی خلاف ورزی پر ٹنڈر منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر اور کے ٹی آر کی نگرانی میں آوٹر رنگ روڈ کا کام ممبئی کی کمپنی آئی آر بی ڈیولپمنٹ کے حوالے کیا گیا۔ یہ تمام کارروائیاں سومیش کمار کے ذریعہ انجام دی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کمپنی کی کارکردگی اور اس کے مالی موقف کا جائزہ لئے بغیر ہی ٹنڈر الاٹ کیا گیا۔ آئی اے ایس عہدیدار اروند کمار فائیل پر دستخط سے گریز کررہے ہیں لیکن سومیش کمار اور حکومت کی جانب سے دباؤ بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سنتوش نامی آئی اے ایس عہدیدار کا حال ہی میں ایچ ایم ڈی اے سے تبادلہ کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی مرکزی تحقیقاتی ایجنسیوں سے آوٹر رنگ روڈ معاملہ میں بے قاعدگیوں کی شکایت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ قانون حق معلومات کے تحت آج تک تفصیلات فراہم نہیں کی گئی ہیں۔ انہوں نے انتباہ دیا کہ کانگریس پارٹی محکمہ بلدی نظم و نسق کے دفتر کا گھیراؤ کرے گی۔ انہوں نے سنٹرل ویجلینس کمیشن اور سی اے جی سے شکایت کرنے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس قدر بڑی بے قاعدگیوں پر بنڈی سنجے اور کشن ریڈی کی خاموشی معنیٰ خیز ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے ٹی آر تلنگانہ میں سرمایہ کاری کیلئے نہیں بلکہ اپنی آمدنی بچانے کیلئے بیرونی ممالک کے دورے کررہے ہیں۔ر