کاماریڈی کی زمینات پر نظریں ، عوامی مسائل نظر انداز

   

کانگریس برسراقتدار آنے پر 6 گیارنٹی اسکیمات پر عمل کرے گی ، ماچہ ریڈی میں جلسہ ، محمد علی شبیر کا خطاب

کاماریڈی :24؍ ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز بیورو)سینئر کانگریسی قائد و سابق ریاستی وزیر محمد علی شبیر نے آج کاماریڈی اسمبلی حلقہ کے ماچہ ریڈی منڈل کے موضع عیسائی پیٹ میں ہاتھ سے ہاتھ جوڑوں پروگرام میں شرکت کی اور گھر گھر پہنچ کر کانگریس پارٹی اقتدار میں آنے کی صورت میں 6گیارنٹی اسکیمات کی عمل آوری کے بارے میں واقف کروایا۔ محمد علی شبیر نے جلسہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد کو ڈلاس بنانے کا اعلان کرتے ہوئے 100 کروڑ روپئے کی لاگت سے اراضیات کو فروخت کردیا ۔ حیدرآباد کے اطراف و اکناف کے بعد گجویل کے اطراف و اکناف کی زمینات کو کم داموں پر خرید لیا اب اس کے بعد کاماریڈی کی زمینات پر ان کی نظر پڑی ہے ۔ محمد علی شبیر نے عیسائی پیٹ پہنچنے پر منڈل کانگریس کے صدر گنیش نائیک اور عیسائی پیٹ کی کانگریس کمیٹی نے ان کا زبردست خیرمقدم کیا ۔ شبیر علی نے دیہات میں پیدل گھومتے ہوئے عوام سے ملاقات کی اور عوامی مسائل سے واقفیت حاصل کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس پارٹی اقتدار میں آنے کے بعد 500 روپئے میں گیس سلنڈر اور گروہا لکشمی اسکیم کے تحت اور خاتون کو 2500روپئے اور کسانوں کو سرمایہ کاری کے ساتھ ساتھ زرعی مزدوروں کو بھی معاوضہ ادا کرنے کے بارے میں واقف کروایا ۔ اس موقع پر منعقدہ جلسہ سے مخاطب کرتے ہوئے محمد علی شبیر نے کہا کہ 17؍ ستمبر کو حیدرآباد کے تکو گوڑہ میں منعقدہ کانگریس پارٹی کے جلسہ میں سونیا گاندھی نے 6 گیارنٹی اسکیمات کا اعلان کیا ہے اور سونیا گاند ھی جو کہتی ہے کانگریس پارٹی اس پر پابند رہتی ہے ۔ مرکزی ، ریاستی حکومتیں عوام کو ہر طریقہ سے نظر انداز کردیا جس کی وجہ سے عوام کو کئی مسائل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔کانگریس پارٹی اقتدار میں آنے کے بعد عوامی مسائل کو حل کرنے کے ساتھ ساتھ بے روزگاروں کو روزگار کی فراہمی اور خواتین کی فلاح وبہبود ی کے ساتھ ساتھ علاج و معالجہ و دیگر سہولتوں کی فراہمی کیلئے اقدامات کرے گی ۔ اس موقع پر ضلع کانگریس صدر سرینواس رائو ، مہیلا کانگریس کی صدر گیانیشوری کے علاوہ دیگر بھی موجود تھے ۔