وزیر اسپورٹس کی چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے ملاقات
حیدرآباد ۔12۔اگست (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے انگلینڈ کے برمنگھم میں منعقدہ کامن ویلتھ گیمس میں ہندوستان اور بالخصوص تلنگانہ کے کھلاڑیوں کے بہتر مظاہرہ پر اطمینان کا اظہار کیا ۔ کامن ویلتھ گیمس کے موقع پر وزیر اسپورٹس وی سرینواس گوڑ شخصی طور پر موجود رہے اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی ۔ سرینواس گوڑ نے چیف منسٹر سے ملاقات کی اور کامن ویلتھ گیمس میں ہندوستانی کھلاڑیوں کے مظاہرہ سے واقف کرایا ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ہندوستان کو میڈلس میں دوسرا مقام حاصل ہوا ہے جو باعث فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت اسپورٹس اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے ۔ جس کے نتیجہ میں تلنگانہ کے کھلاڑیوں کا بہتر مظاہرہ رہا ۔ انہوں نے وزیر اسپورٹس اتھاریٹی کے صدرنشین اے وینکٹیشور ریڈی اور دیگر عہدیداروں کی ستائش کی جنہوں نے برمنگھم میں موجود رہتے ہوئے کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھایا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ تلنگانہ میڈلس کے معاملہ میں نمبر ون موقف حاصل کرسکتا ہے۔ حکومت کی سرپرستی میں اسپورٹس کی سرگرمیوں میں اضافہ ہوا ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ 22 اگست کو لال بہادر اسٹیڈیم میں میڈل حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کو تہنیت پیش کی جائے گی۔ ر