کامیابی کے بعد ڈی ناگیندر مرکزی وزیر بنیں گے : چیف منسٹر ریونت ریڈی

   

سکندرآباد اور حیدرآباد کی ترقی کیلئے خصوصی منصوبہ تیار کیا گیا۔ ڈی ناگیندر کے روڈ شو سے خطاب
حیدرآباد 5 مئی (سیاست نیوز) چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے کہاکہ حلقہ لوک سبھا سکندرآباد سے ڈی ناگیندر کو کامیاب بنایا گیا تو وہ ضرور مرکزی وزیر بن جائیں گے۔ حلقہ لوک سبھا سکندرآباد میں ڈی ناگیندر کی انتخابی مہم چلاتے ہوئے روڈ شو سے خطاب کیا۔ اے ریونت ریڈی نے کہاکہ اسمبلی انتخابات کے سیمی فائنل سے تلنگانہ کے عوام نے بی آر ایس کو شکست دیتے ہوئے کے سی آر کو اقتدار سے بیدخل کردیا ہے۔ لوک سبھا انتخابات فائنل ہیں۔ اب تلنگانہ کے عوام بی جے پی کو شکست دیتے ہوئے نریندر مودی کو اقتدار سے بیدخل کردیں۔ تلنگانہ میں کانگریس کی حکومت قائم ہونے کے بعد وعدے کے مطابق 6 کے منجملہ 5 گیارنٹی پر عمل کیا گیا، وہ عوام سے وعدہ کرتے ہیں کہ 8 مئی تک رعیتو بندھو اسکیم کے فنڈس کسانوں کے بینک کھاتوں میں جمع کردیئے جائیں گے اور 15 اگسٹ سے قبل کسانوں کے 2 لاکھ روپئے تک قرض معاف کردیئے جائیں گے۔ چیف منسٹر نے کہاکہ کانگریس کے امیدوار ڈی ناگیندر عوام کے مقبول ترین قائد ہیں۔ سماج کے تمام طبقات میں احترام کی نگاہ سے دیکھے جاتے ہیں جنھوں نے اپنے آپ کو عوام کی خدمت کیلئے وقف کردیا ہے۔ اگر ڈی ناگیندر کامیاب ہوجاتے ہیں تو وہ مرکزی وزارت میں بھی شامل ہوں گے۔ مرکز میں کانگریس کے زیرقیادت انڈیا اتحاد کی لہر چل رہی ہے۔ این ڈی اے کو شکست ہوگی۔ عوام مودی کو سبق سکھانے کا فیصلہ کرچکے ہیں۔ سکندرآباد کے عوام غفلت اور لاپرواہی میں نہ رہیں بلکہ کامیاب ہونے والے کانگریس کے امیدوار ڈی ناگیندر کو ووٹ دیتے ہوئے بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں۔ 2