کامیاب زندگی کیلئے اسوہ رسولؐ کو اپنانے کی تلقین

   

جنگاؤں میں جلسہ و نعتیہ مشاعرہ ، علماء و قائدین کا خطاب

جنگاؤں۔/7 اکٹوبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مومن یوتھ چیاریٹبل ٹرسٹ جنگاؤں کی جانب سے جلسہ میلادالنبی ؐ و نعتیہ مشاعرہ کل بعد نماز مغرب ایکمینار چوراستہ گرنی گڈہ پر محمد مجیب الرحمن سکریٹری ؍ کرسپانڈنٹ بی ایڈ رحمن کالج جنگاؤں کی صدارت میں منعقد ہوا۔ پروگرام کنوینر محمد جمال شریف ایڈوکیٹ نے علماء کرام اور شرکاء اور شعراء کرام کا خیرمقدم کیا۔ بی آر ایس ریاستی قائد محمد عارف اور مولانا مفتی محمد ذکریا ورنگل نے مہمانان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ محمد عارف نے کہا کہ حضور اکرم ؐ کی پاکیزہ سیرت کو پڑھنے اور سنانے سے ایمان میں تازگی پیدا ہوتی ہے۔ طلباء اور نوجوان اگر آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ارشادات اور قرآن کی روشنی میں زندگی گذاریں گے تو ان کا مستقبل ہمیشہ روشن رہے گا۔ مولانا مفتی زکریا ورنگل نے کہا کہ مسلمان اگر قرآن اور سیرت رسول ؐ کی روشنی میں زندگی گذارنے کا فیصلہ کرلیں گے تو ان کی دینی اور دنیاوی زندگیاں کامیاب ہوں گی۔ مولانا شاکر خطیب و امام جامع مسجد جنگاؤں ، مولانا فصیح الاسلام امام و خطیب مدینہ مسجد، مولانا عبدالرشید خطیب و امام بلال مسجد، مفتی نصیر خطیب و امام ایکمنار مکہ مسجد ، جناب خالد سعید ناظم جماعت اسلامی جنگاؤں ضلع نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ مسلمانوں کو چاہیئے کہ وہ نبی اکرم ؐ سے اٹوٹ محبت پیدا کریں۔ محمد مجیب الرحمن صدر جلسہ نے کہا کہ ہمار ے پاس قرآن اور سیرت رسول ؐ رہنے کے باوجود برائیوں کی طرف مائل ہورہے ہیں۔ اس لئے نوجوانوں کو چاہیئے کہ برائی سے اپنے آپ کو بچائیں اور جہاں بھی برائی دیکھیں اسے دور کرنے کی کوشش کریں۔ ڈاکٹر ایس صدیقی ورنگل نے کہا کہ سچے اور پکے مسلمان بننے کیلئے ضروری ہے کہ قرآن اور اسوہ رسول کو اپنایا جائے۔ جلسہ کے فوری بعد نعتیہ مشاعرہ منعقد ہوا جس کی نظامت ڈاکٹر انیس صدیقی ورنگل نے کی۔ مشاعرہ میں شاخ انور عادل آباد، امجد سلیم امجد کریم نگر، وحید گلشن، ناصر واحدی، ڈاکٹر رحیم رامیش، خواجہ مجتہد الدین نے حضور اکرم ؐ کی شان و عقیدت میں نعتیہ کلام سنائے۔ مولانا مفتی محمد زکریا ورنگل کی دعا پر یہ جلسہ و نعتیہ مشاعرہ اختتام کو پہنچا۔ بعد ازاں نماز عشاء ادا کی گئی اور عشائیہ کا اہتمام کیاگیا۔ اس جلسہ میں حصہ لینے والوں میں محمد اعجاز، محمد عبدالرحمن شکیل، محمد رافع مینن ایڈوکیٹ، طارق الہٰی ، آصف اشو، شہنواز ، عبدالمنان رضی، محمد انکشا ولی، محمد مصطفی ، لطیف شریف، بدر الدین، محمد اقبال ، محمد سلیم ، ببلو، جہانگیر ، محمد ارشد، محمد فاروق ، محمد جاوید اقبال ، محمد سلیم ، سید جہانگیر ، محمد ارشد ، محمد فاروق، محمد جاوید، رئیس احمد ہیں۔ جلسہ کے موقع پر محمدرافع متین ایڈوکیٹ، محمد طارق الہیٰ، محمد عبدالصمد ، محمد آصف اشوک کو تہنیت پیش کی گئی۔