دیگلور۔ 18 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جماعت اسلامی ہند شاخ دیگلور کی جانب سے مولانا ابوالکلام آزاد ہائی اسکول و جونیئر کالج سائنس دیگلور میں وائیس پرنسپل و کامیاب طلبہ کے اعزاز میں جلسہ تہنیت منعقد کیا گیا۔ جلسہ کی صدارت رکن انتظامی مولانا آزاد ایجوکیشن سوسائٹی قاضی سید امداد علی (خطیب جامع مسجد) نے کی۔اس پروگرام کا مقصد ایس۔ایس۔سی و انٹرمیڈیٹ اور NEET میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ کی حوصلہ افزائی اور رہنمائی کرنا تھا۔ ابتدائی کلمات امیر جماعت اسلامی دیگلور محمد رئیس الدین نے ادا کئے۔ نظامت کے فرائض قاضی فرحان نے انجام دی۔مہما نانِ خصوصی میں پروفیسر ظہور احمد میڈیکل آفیسرس ڈاکٹر محمد عثمان ،و ڈاکٹر شیخ مجیب ، ایڈوکیٹ عائشہ عبدالرزاق،وائیس پرنسپل ڈگری کالج دیگلور معز الدین چمکوڑے ، انجینئرسید قاسم ساجد وغیرہ مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات موجود تھیں۔وائیس پرنسپل معز الدین چمکوڑے کو حال ہی میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کرنے پر خصوصی طور پر تہنیت پیش کی گئی اور ان کا استقبال کیا گیا۔ ایڈوکیٹ عائشہ عبدالرزاق نے لڑکیوں کی تعلیم کی اہمیت پر زور دیا۔ پروفیسر ظہور احمد نے کیریئر گائیڈنس کے حوالے سے ایس۔ایس۔سی۔ و انٹرمیڈیٹ کے بعد مختلف تعلیمی و پیشہ ورانہ مواقع پر تفصیل سے روشنی ڈالی اور کورسز کے حوالے سے معلومات دی۔کامیاب طلبہ کو معزز مہمانوں کے ہاتھوں مومنٹو ، لیٹریچر ،شیلڈز وغیرہ دے کر تہنیت دی گئی۔صدارتی خطاب میں قاضی سید امداد علی نے طلبہ کو مبارکباد پیش کی ۔