اندور۔ مدھیہ پردیش میں ہائی کورٹ کی اندور بینچ نے ‘اسٹینڈ اپ کامیڈین ’منور فاروقی اور ایک دیگر کی ضمانت عرضی کو آج خارج کردیا۔ عدالت نے 25جنوری کو معاملے سے متعلق فریقوں کی دلیلیں سن کر فیصلہ محفوظ رکھ لیا تھا،جسے آج جاری کیا ہے۔جسٹس روہت آریہ کی سنگل بینچ نے آج فیصلہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ معاملے میں جانچ جاری ہے ،لہٰذا قصور کی بنیاد پر فی الحال نتیجہ نہیں نکالا جا رہا ہے ،لیکن بادی النظر میں دونوں درخواست گزاروں کے خلاف مذہبی جذبات کو مجروح کرنے کے الزام صحیح نظر آتے ہیں۔ایسے حالات میں درخواست گزاروں کو ضمانت نہیں دی جاسکتی ہے۔ اس فیصلے میں عدالت نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا ملک بے حد خوبصورت ہے ،ثقافت،زبان ،مذہبی عقیدت اور جغرافیائی گونگونیت کا خوبصورت تانا بانا ہے۔ہمارا آئین جہاں ہم شہریوں کو کئی حقوق دیتا ہے ،وہیں ہم شہریوں کے کئی آئینی فرائض بھی ہیں۔موجودہ حقوق اور فرائض کے درمیان تال میل رکھ کر ہم اس گونگونیت کو محفوظ رکھیں،کسی کے جذبات کو مجروح نہ کریں۔