میلبورن: باکسنگ ڈے ٹسٹ کے پہلے دن آسٹریلیا کے نوجوان اوپنر سام کانسٹاس نے شاندار نصف سنچری اسکور کی لیکن اپنی نصف سنچری اننگز کے دوران ویراٹ کوہلی کے ساتھ وہ الجھ پڑے جس کے بعد اب ویراٹ کوہلی کو سزا مل گئی ہے۔ میچ ریفری نے کوہلی پر پہلے ہی دن جرمانہ عائد کردیا ہے۔ کوہلی کی میچ فیس میں 20 فیصد کمی کی گئی ہے۔ رپورٹس کے مطابق کوہلی لیول ون کے قصوروار پائے گئے ہیں۔ یہ راحت والا فیصلہ ہے کہ کوہلی کو صرف ایک ڈیمیرٹ پوائنٹ دیا گیا ہے جس کے مطابق انہیں اگلے میچ میں معطل نہیں ہونا پڑے گا۔ میلبورن ٹسٹ کے پہلے دن کا کھیل جیسے ہی ختم ہوا کوہلی میچ ریفری اینڈی پائکرافٹ کے سامنے پیش ہوئے۔ وہیں کوہلی نے اپنے جرم کا اعتراف کیا۔ اس کے بعد میچ ریفری نے کوہلی کی میچ فیس کا 20 فیصد کٹوتی کرنے کا حکم دیا۔ میلبورن ٹسٹ کے پہلے دن 10ویں اوورکے اختتام کے بعد کوہلی نے نوجوان اوپنر کانسٹاس کو نشانہ بنایا۔ کوہلی دوسرے سرے پر سلپ کی طرف جا رہے تھے اور کانسٹاس بھی اپنا سرا بدل رہے تھے۔ اس کے بعد کوہلی سیدھے اس 19 سالہ بیٹرکی طرف آئے اور ان کے کندھے سے کندھا مارا۔ اس واقعے کے بعدکوہلی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیاہے ۔نیز کوہلی کی نوجوان بیٹرکے ساتھ یہ جھڑپ انٹر نیٹ پر وائرل ہوگئی ہے۔