کانپور احتجاجوں میں پراپرٹی کو نقصان ،ریکوری نوٹس پر حکم التواء

   

الہٰ آباد ۔ 17 فبروری ۔(سیاست ڈاٹ کام)الہٰ آباد ہائیکورٹ نے کانپور انتظامیہ کے جاری کردہ نوٹس پر عمل کو روک دیا ہے ، جس کے ذریعہ ترمیم شدہ قانون شہریت کے خلاف منعقدہ احتجاجوں کے دوران سرکاری ا ملاک کو نقصان پر مقامی شخص سے ہرجانہ طلب کیا گیا تھا ۔ کانپور کے محمد فیضان کی عرضی پر گزشتہ ہفتے جاری کردہ حکم التواء کا پس منظر اسی نوعیت کی نوٹسوں کیخلاف عوام کی عدالتوں سے راحت کے لئے رجوع ہونا ہے ۔ حالیہ ہفتوں میں اُترپردیش میں کئی جگہ ضلع حکام نے اسی نوعیت کی ریکوری نوٹسیں بھیجی ہیں۔ صدر ایس پی اکھلیش یادو نے ان نوٹسوں پر ردعمل میں ان کا مضحکہ اُڑاتے ہوئے چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ کو اُن کا ریمارک یاد دلایا کہ ریاستی حکومت سرکاری جائیدادوں کی تباہی کیلئے ذمہ دار افراد سے ہرجانہ وصول کرے گی ۔ اکھلیش نے طنز کیا کہ ’’بدلہ بابا ‘‘ اب کیا کریں گے ؟ وہ عدالتی رولنگ کے بعد کس سے انتقام لیں گے ۔